کراچی پولیس چیف کا رکشہ ڈرائیوروں کے صرف 150 تک کے چالان کرنے کا حکم

ویب ڈیسک  اتوار 21 اکتوبر 2018
عوام سے درخواست ہے کہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں، کراچی پولیس چیف۔ فوٹو : فائل

عوام سے درخواست ہے کہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں، کراچی پولیس چیف۔ فوٹو : فائل

 کراچی: کراچی پولیس چیف امیر شیخ کا کہنا ہے کہ غربت کے پہلو کو مد نظررکھتے ہوئے رکشہ ڈرائیوروں کے خلاف 150 تک کا دن میں صرف ایک چالان کیا جائے۔

کراچی پولیس چیف امیر شیخ نے سول اسپتال کے برنس وارڈ  میں گزشتہ روز خودکشی کی کوشش کرنے والے رکشا ڈرائیور کی عیادت کی اور امدادی رقم کا چیک پیش کیا تاہم رکشا ڈرائیور اور اس کے اہل خانہ نے امدادی رقم لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مدد نہیں انصاف چاہیے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : رشوت طلب کرنے پر رکشا ڈرائیور نے خود کو آگ لگالی

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کراچی پولیس چیف امیر شیخ کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کو حکم دیتا ہوں کہ جو غریب ہوں ان کو وارننگ دے کر چھوڑ دیں، ایک ہفتے تک غلط سمت سے آنے والوں کے علاوہ چالان نہ کیے جائیں، ٹریفک پولیس غریبوں کو تنگ نہ کرے اور رکشے والوں کا دن میں ایک چالان کیا جائے جب کہ عوام سے درخواست ہے کہ پولیس کے ساتھ تعاون کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز شارع فیصل پر رکشا ڈرائیور نے ٹریفک پولیس اہلکار کی جانب سے رشوت خوری کے خلاف خود کو آگ لگالی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔