ایران میں نئے صدر کے انتخاب کےلئے ووٹنگ کا عمل مکمل

ویب ڈیسک  جمعـء 14 جون 2013
ایرانی آئین کے مطابق کامیاب ہونے والے امیدوار کےلئے 50 فیصد سے زائد ووٹ لینا ضروری ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

ایرانی آئین کے مطابق کامیاب ہونے والے امیدوار کےلئے 50 فیصد سے زائد ووٹ لینا ضروری ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

تہران: ایران میں نئے صدر کے انتخاب کےلئے ووٹنگ کا عمل مکمل ہو گیا اور منتخب صدر کا باضابطہ اعلان کل کیا جائے گا۔

انتخابات میں ایرانی عوام کی اکثریت گھروں سے نکل کر ووٹ ڈالنے پہنچی جس کے باعث ایرانی محکمہ داخلہ کی جانب سے پولنگ کے وقت میں اضافہ کر دیا گیا تھا، ایران میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ ہے جن میں سے 70 فیصد کی عمر 30 سال سے کم ہے۔

انتخابی دوڑ میں شریک 6 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا، امیدواروں کی اکثریت سپریم لیڈر خامنہ ای کے قریبی سمجھے جانے والے قدامت پسند رہنماؤں کی ہے، ان رہنماؤں میں جوہری پروگرام کے عالمی مذاکرات کار سعید جلیلی، سابق وزیر خارجہ علی اکبر ولایتی، حسن روحانی، تہران کے میئر محمد باقر قالیباف، پاسداران انقلاب کے سابق سربراہ محسن رضاعی اور ٹیلی کمیونی کیشن کے سابق وزیرمحمد غرازی شامل ہیں۔ کامیاب امیدوار ملک کے موجودہ صدر محمود احمدی نژاد کی جگہ لے گا جو دو مرتبہ صدر رہنے کے بعد اب آئینی پابندی کی وجہ سے صدارتی انتخاب لڑنے کے اہل نہیں ہیں۔

ایرانی آئین کے مطابق کامیاب ہونے والے امیدوار کےلئے 50 فیصد سے زائد ووٹ لینا ضروری ہے، ایسا نہیں ہوتا تو 21 جون کو صدارتی الیکشن کا دوسرا راؤنڈ ہوگا جس میں پہلے راؤنڈ میں ابتدائی دو نمبر پر آنے والے امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ ایرانیوں کے روحانی پیشوا آیت اللہ علی خامنہ ای نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔