وزیراعظم کے 100 روزہ ایجنڈے پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

ویب ڈیسک  اتوار 21 اکتوبر 2018
 پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا مقصد عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنا ہے، عثمان بزدار۔ فوٹو:فائل

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا مقصد عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنا ہے، عثمان بزدار۔ فوٹو:فائل

 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان  کے 100 روزہ ایجنڈے پر پنجاب میں تیز رفتاری سے پیش رفت جاری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے 100 روزہ ایجنڈے پر پنجاب میں تیز رفتاری سے پیش رفت جاری ہے اور پنجاب ہی وزیراعظم عمران خان کے نئے پاکستان میں لیڈ لے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کی تعمیر کی جدوجہد میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ہر شعبہ زندگی میں شفافیت اور قانون کی حکمرانی قائم کرنا حکومت کا مشن ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ حقیقی تبدیلی کیلئے تعلیم، صحت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں اصلاحات لائی جارہی ہیں، ہمارا ہر لمحہ عوامی مفادات کے تحفظ اور ان کے بہتر مستقبل کی فکر میں صرف ہو رہا ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا مقصد عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہماری حکومت قومی مفادات کو سامنے رکھ کر کام کررہی ہے، گڈ گورننس، شفافیت اور کفایت شعاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، میرٹ کے خلاف کوئی اقدام نہیں کیا جائے گا، انتظامیہ غیر جانبدار رہ کر فرائض سر انجام دے، صوبے میں کرپشن اور اقرباء پروری کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔