آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی روایتی حریف بھارت نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا

بارش کی وجہ سے بھارت کو 22 اوورز میں 102 رنز کا ٹارگٹ دیا گیا جو اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔


ویب ڈیسک June 15, 2013
کپتان مصباح الحق 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ فوٹو: اے ایف پی

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں روایتی حریف بھارت نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی، اس طرح پاکستان آخری چیمپئنز ٹرافی میں ایک بھی میچ نہ جیت سکا۔

انگلینڈ کے شہر برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤن ميں کھیلے جانے والے میچ میں بھارتی ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی، پاکستانی اننگ کے دوران بار بار بارش کی وجہ سے کھیل کو 40 اوورز تک محدود کیا گیا جس میں پاکستان 40 ویں اوور ميں 165 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ ناصر جمشید اور کامران اکمل نے بیٹنگ کا آغاز کیا تاہم صرف 4 رنز کے اسکور پر ناصر جمیشد آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد کامران اکمل کا ساتھ نبھانے محمد حفیظ میدان میں آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کے اسکور کو 50 رنز تک پہنچایا، اس شراکت کو بھونیشور کمار نے محمد حفیظ کی وکٹ لے کر توڑا۔ 56 رنز پر کامران اکمل بھی ایشون کا شکار ہوگئے۔ 19ویں اوور کے اختتام پر کھیل کو بارش کے باعث روکنا پڑا جس کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو اسے 40 اوورز تک محدود کردیا گیا۔

اسد شفیق اور مصباح الحق نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں اسکور کو 110 تک پہنچایا۔ اس موقع پر رویندر جدیجا نے مصباح الحق کو آؤٹ کرکے پاکستان پر ایک بار پھر دباؤ بڑھا دیا۔131 رنز کے مجموعی اسکور پر اسد شفیق بھی پویلین لوٹ گئے انہیں ایشانت شرما نے آؤٹ کیا۔139 رنز کے مجموعے پر شعیب ملک اور 140 رنز پر وہاب ریاض آؤٹ ہوگئے۔159 رنز پر پاکستان کو سعید اجمل کی صورت میں آٹھواں نقصان برداشت کرنا پڑا۔ جنید خان بھی کوئی رن بنائے ویراٹ کوہلی کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے۔ 165 رنز پر محمدعرفان بھی رن آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی جانب سے اسد شفیق نے سب سے زیادہ 41 رنز اسکور کئے جبکہ بھارت کی جانب سے بھونیشور کمار، رویندرا جدیجا، ایشانت شرما اور روی چندرن ایشون نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں بھارتی اننگز کے دوران میں بارش کی وجہ سے کئی مرتبہ کھیل کو روکنا پڑا جس کے بعد ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت بھارت کو 22 اوورز میں 102 رنز کاہدف دیا گیا جسے اس نے 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں