کنیریا کے خلاف بورڈ کی نئی انکوائری کا امکان

اسپورٹس ڈیسک  پير 22 اکتوبر 2018
بطور ماہر ٹی وی چینلز یا ریڈیو شوز میں شریک ہونے پر بھی پابندی عائد کی جاسکتی ہے
 فوٹو: فائل

بطور ماہر ٹی وی چینلز یا ریڈیو شوز میں شریک ہونے پر بھی پابندی عائد کی جاسکتی ہے فوٹو: فائل

 کراچی: فکسنگ کیس میں تاحیات پابندی کے شکار دانش کنیریا کیخلاف پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے نئی انکوائری شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

کنیریا پر 2012 میں انگلش بورڈ نے کاؤنٹی کرکٹ میں فکسنگ کی وجہ سے پابندی عائد کی تھی، 6 برس تک انکار کرنے کے بعد اب آخر کار انھوں نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔ پی سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کنیریا نے ایک سنجیدہ نوعیت کے معاملے کا اعتراف کیا ہے، ان کے بارے میں بورڈ کے چیئرمین احسان مانی لیگل  ٹیم اور اینٹی کرپشن آفیشلز سے صلاح مشورے کے بعد سابق لیگ اسپنر کے خلاف نئی انکوائری کا حکم دے سکتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کنیریا پر پابندی چونکہ غیرملکی سرزمین پر عائد ہوئی۔

اس لیے اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ ان کے بکیز کے ساتھ روابط کا پاکستان کرکٹ پر تو ماضی میں کوئی اثرنہیں پڑا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ بورڈ نے تاحیات پابندی کے باوجود کنیریا کے بارے میں نرم رویہ اختیار کیا مگر اب انھیں کرکٹ سے مکمل طور پر باہرکیا جائیگا، ماضی میں یہ بات بورڈ کے نوٹس میں آئی کہ کنیریا بنکاک میں پرائیویٹ ایونٹ میں شریک ہوئے مگر اب ان پربطور ماہر ٹی وی چینلز یا ریڈیو شوز میں شریک ہونے پر بھی پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔