فرانس میں حاضری نہ لگانے پر طالب علم نے استاد پر پستول تان لی

ویب ڈیسک  پير 22 اکتوبر 2018
طالب علم اسکول تاخیر سے پہنچا تھا اور حاضری لگانے پر بضد تھا۔ فوٹو : ٹویٹر

طالب علم اسکول تاخیر سے پہنچا تھا اور حاضری لگانے پر بضد تھا۔ فوٹو : ٹویٹر

پیرس: فرانس میں نوجوان طالب علم پر اپنے استاد پر پستول تاننے کے جرم میں فردِ جرم عائد کردی گئی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس کے ایک اسکول میں تاخیر سے آنے والے طالب علم نے حاضری لگانے کے لیے اپنے استاد پر پستول تان لی۔ کلاس میں موجود ایک اور طالب علم نے واقعے کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے پر نوجوان طالب علم نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔ طالب علم نے اپنے رویے پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ پستول جعلی تھا اور یہ سب مذاقاً کیا تھا، اندازہ نہیں تھا کہ معمولی مذاق اتنا حساس معاملہ بن جائے گا۔ طالب علم پر فرد جرم عائد کردی گئی۔

اسکول ٹیچر کا کہنا تھا کہ طالبعلم تاخیر سے اسکول پہنچا تھا جس پر سزا کے طور پر اس کی حاضری نہیں لگائی تھی لیکن کلاس میں بیٹھنے کی اجازت دے دی گئی تھی۔ طالب علم نے تھوڑی دیر بعد ہی پستول نکال کر بلند آواز میں حاضری لگانے کا مطالبہ کیا۔

ادھر فرانسیسی صدر نے بھی اپنے پیغام میں اس واقعے کو ناقابلِ قبول قرار دیا۔ حکومت نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئندہ ہفتے اعلیٰ سطح کے اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں ملک کے اسکولوں میں تشدد کے واقعات کو ختم کرنے کے حوالے سے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔