کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس کی کارروائی، 30 سے زائد ملزمان گرفتار

ویب ڈیسک  ہفتہ 15 جون 2013
گرفتار ملزمان میں 3 ٹارگٹ کلر بھی شامل ہیں جو 8 افراد کے قتل میں پولیس کو مطلوب تھے،ترجمان  فوٹو : فائل

گرفتار ملزمان میں 3 ٹارگٹ کلر بھی شامل ہیں جو 8 افراد کے قتل میں پولیس کو مطلوب تھے،ترجمان فوٹو : فائل

کراچی: رینجرز اور پولیس نے کئی مقامات پر چھاپے مارکر 30 سے زائد ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ فائرنگ کے واقعات میں 2 افراد کو قتل کردیا گیا۔

شہر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف رینجرز اور پولیس کےچھاپوں کا سلسلہ جاری ہے ، گلشن اقبال ، لانڈھی ، شیر پاؤ کالونی ، بنارس ، جیکب لائن اوردوسرے مقامات پر چھاپے مار کر 30 سے زائد ملزمان کو گرفتار کرلیاگیا ، رینجرز ترجمان کے مطابق ملزموں سےاسلحہ اوردوسراسامان بھی برآمد ہوا ہے ، ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان میں 3 ٹارگٹ کلر بھی شامل ہیں جو 8 افراد کے قتل میں پولیس کو مطلوب تھے

ایک جانب شہر میں ٹارگٹ کلرز اورجرائم پیشہ افراد کے خلاف پولیس اوررینجرز کی کارروائیاں جاری ہیں تو دوسری جانب ٹارگٹ کلرز بھی آزادانہ اپنی کارروائیوں میں مصروف ہیں، سرجانی ٹاؤن کے علاقے خدا کی بستی میں خالی پلاٹ سے نوجوان کی لاش ملی ہے، پولیس کے مطابق ملزمان نے نوجوان کو کسی اور مقام سے اغوا کرنے کے بعد مذکورہ پلاٹ پر لاکرپہلے تشدد کا نشانہ بنایا بعدمیں اس کی ٹانگوں اور سینے پر گولیاں مارکر قتل کردیا گیا ، اسی طرح حب ریور روڈ سے ایک شخص کی جھاڑیوں سے لاش ملی جسے ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کیاتھا۔

شہرمیں چور اورلٹیرے بھی کسی سے پیچھے نظر نہیں آتے اورآج بھی شہریوں کو60 سے زائد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں سے محروم کردیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔