سندھ حکومت کا بلا اجازت آن لائن ٹیکسی سروس بند کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  پير 22 اکتوبر 2018
اجلاس کے دوران وینز اور بسز میں لگے سی این جی سلینڈر کے خلاف کارروائی کا بھی فیصلہ۔ فوٹو : فائل

اجلاس کے دوران وینز اور بسز میں لگے سی این جی سلینڈر کے خلاف کارروائی کا بھی فیصلہ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: حکومت سندھ نے ایک بار پھر صوبے میں بلا اجازت آن لائن ٹیکسی سروس بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

کراچی میں وزیر ٹرانسپورٹ سندھ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی، اجلاس کے دوران بسوں اور وینز میں لگے سی این جی سیلنڈر کے خلاف کارروائی کرنے اور آن لائن ٹیکسی سروس کو ایک بار پھر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اجلاس میں وزیر ٹرانسپورٹ نے استفسار کیا کہ کراچی میں گزشتہ روز کریم ٹیکسی کا واقعہ پیش آیا تھا یہ کیسے ہوا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : کراچی میں لڑکی چلتی ٹیکسی سے کود گئی، ڈرائیور پر ہراسانی کا الزام

اجلاس میں وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ کا کہنا تھا کہ کریم اور اوبر ٹیکسی نے حکومت سے اجازت نہیں لی، کریم اور اوبر ٹیکسی کو ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہیں، اگر اجازت نہیں لی گئی تو ان کو بندکردیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کریم اور اوبر ٹیکسی سروس انتظامیہ کو خط لکھا جائے جب کہ بائیکیا اور کریم موٹر بائیک کو بھی بند کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

سندھ حکومت کے تمام تحفظات دور کریں گے، اوبر

دوسری جانب اوبر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے حالیہ برسوں کے دوران جدید ٹیکنالوجیز کو سپورٹ کیا ہے اور ہم حکومت کی جانب سے عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ کے لیے ایک آسان اور سستا طریقہ فراہم کرنے پر ان کے کردار کو سراہتے ہیں۔

اوبر انتظامیہ نے مزید کہا کہ ہم سندھ حکومت کے تمام تحفظات دور کرکے ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔