ملائیشیا میں فتح پاکستانی ویمنز ٹیم سے روٹھ گئی

اسپورٹس ڈیسک  منگل 23 اکتوبر 2018
تیسرے میچ میں89رنزسے شکست، سیریز میں آسٹریلیا کا کلین سوئپ مکمل۔ فوٹو : فائل

تیسرے میچ میں89رنزسے شکست، سیریز میں آسٹریلیا کا کلین سوئپ مکمل۔ فوٹو : فائل

کوالا لمپور: ملائیشیا میں فتح پاکستانی ویمنز ٹیم سے روٹھ گئی اور آئی سی سی ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ سیریز میں آسٹریلیا کا کلین سوئپ مکمل ہوگیا۔

پاکستانی ویمنز ٹیم نے ابتدائی 2 میچز کے برعکس تیسرے ون ڈے میں قدرے اعتماد سے بیٹنگ کی لیکن ہدف سے 89 رنز کی دوری پر رہی، مقررہ اوورز میں اسکور7 وکٹ پر235 رنز تک پہنچ سکا، یہ آسٹریلیا کیخلاف گرین شرٹس کا ون ڈے میں اب تک کا سب سے زیادہ ٹوٹل بھی شمار ہوا۔

عالیہ ریاض 51 رنز بناکر نمایاں رہیں، سدرہ امین نے 41 کی اننگز کھیلی، ندا ڈار30 اور ثنامیر26 رنز بنانے میں کامیاب رہیں، ایشلیگ نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی عمدہ پرفارم کرتے ہوئے 44رنز دے کر3 وکٹیں اڑائیں۔

اس سے قبل فاتح الیون نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹ پر 324 کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا، الیسا ہیلی نروس نائٹنز کا شکار بنیں، انھوں نے میدان بدر ہونے سے قبل 97 رنز اسکور کیے، آسٹریلیا نے اختتامی 60 بالز پر 99 رنز بنائے، گارڈنر نے جارحانہ انداز سے کھیلتے ہوئے34 بالز پر62 رنز اسکور کیے، انھوں نے سوفی مولینکس کے ہمراہ ساتویں وکٹ کی شراکت میں9.1 اوورز میں 87 رنز جوڑے، اس میں سوفی کا حصہ 26 رنز رہا۔

کیریئر کا 200 واں انٹرنیشنل میچ کھیلنے والی الیسی پیری نے 32 رنز اسکور کیے، بیتھ مونی 38 اورراشیل ہینز30رنز بناکر نمایاں رہیں، ثنا میر نے 53 رنز دے کر 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔