بلدیہ وسطی کونسل اجلاس؛ شاہراہوں کو اولیائے کرام کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  منگل 23 اکتوبر 2018
عزیزآباد بلاک8 کے مور پارک کو بابا تاج الدین ؒ اولیا کے نام سے منسوب کرکے ’’تاج پارک ‘‘ رکھنے کی بھی منظوری۔ فوٹو: فائل

عزیزآباد بلاک8 کے مور پارک کو بابا تاج الدین ؒ اولیا کے نام سے منسوب کرکے ’’تاج پارک ‘‘ رکھنے کی بھی منظوری۔ فوٹو: فائل

 کراچی: بلدیہ وسطی کی منتخب کونسل کے عام اجلاس میں ضلع وسطی کی شاہراہوں کو اولیائے اکرام و اکابرینِ ملّت کے نام سے منسوب کرنے کی قرارد اد منظور کرلی گئی۔

چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کی صدارت میں بلدیہ وسطی کے منتخب اراکین کونسل کا اجلاس سابقہ گلبرگ ٹاؤن کے کونسل ہال میں منعقد ہوا، اجلاس کے ایجنڈے میں بلدیہ وسطی کی مختلف سڑکوں کے ناموں کی تبدیلی، مختلف پارکوں میں سیوریج واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب کی منظوری اراکین کونسل سے حاصل کرنا شامل تھا۔

اجلاس میں وائس چیئرمین سید شاکر علی، میونسپل کمشنر محمد وسیم سومرو، اسٹینڈنگ کمیٹیز کے چیئرمین و چئیرپرسن اور اراکین کونسل نے شرکت کی۔  اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ریحان ہاشمی نے کہا کہ بلدیہ وسطی کی شاہراہوں اور سڑکوں کو اولیائے کرام اور اکابرینِ مِلّت کے نام سے منسوب کرنے کا مقصد اپنی شناخت کی بقاہے تاکہ ہماری نئی نسل اسلام کی نامور شخصیات کے ناموں سے واقف رہیں۔

وائس چیئرمین سید شاکر علی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں اور شاہراہوں کے نام اولیا کے ناموں سے منسوب کرنے کا رواج بہت قدیم ہے اور آج بھی ایران،سعودی عرب و دیگر اسلامی ممالک میں یہ رواج جاری ہے۔

اجلاس میں قراد اد منظور کی گئی کہ پاور ہاوس چورنگی تا 4Kچورنگی سروس روڈ کو حضرت امامِ اعظم ابو حنیفہ ؒ کے نام سے اور جامع مسجد خدیجۃ الکبریٰ تا جامع مسجد قادری سیکٹر 5-Eنیوکراچی روڈ کو مُبلّغِ اسلام، امیرِ جماعت اہلِ سُنّت ،علامہ سید شاہ تُراب الحق قادری ؒ  کے نام سے منسوب کردیا جائے۔

قرار داد کو ایوان نے متفقہ طور پر منظوری دی ، ایوان نے سابق مور پارک واقع عزیزآباد بلاک نمبر8کے نام کو تبدیل کرکے بابا تاج الدین ؒ  اولیا کے نام سے منسوب کرکے ’’ تاج پارک ‘‘ رکھنے کی منظوری دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔