ثنا میر نے دنیا کی بہترین بولر بننے کا اعزاز اپنے نام کر لیا

اسپورٹس ڈیسک  منگل 23 اکتوبر 2018
سابق کپتان ٹاپ فائیو آل راﺅنڈرز میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہیں

سابق کپتان ٹاپ فائیو آل راﺅنڈرز میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہیں

 دبئی: سابق پاکستانی کپتان ثنا میر نے آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بولنگ میں ٹاپ پوزیشن پر قبضہ کرلیا جب کہ وہ 5 بہترین آل راؤنڈرز میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہیں۔

تفصیلات کے مطابق مردوں کے بعد خواتین کی بھی ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ جاری کر دی گئی ہے، آئی سی سی کی طرف سے جاری کر دہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں آسٹریلیا141 پوائنٹس کے ساتھ بدستور ٹاپ پر ہے، انگلینڈ دوسرے، بھارت تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے، جنوبی افریقہ پانچویں، ویسٹ انڈیز چھٹے، پاکستان72 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں، سری لنکا آٹھویں، بنگلا دیش نویں اور آئرلینڈ دسویں نمبر پر ہے۔

بولرز کی فہرست میں پاکستان کی ثناء میر نے ٹاپ پوزیشن پر قبضہ کررکھا ہے، ان کے مجموعی پوائنٹس 663ہیں، یہ بات قابل ذکر ہے کہ ثناءمیر پاکستان کی پہلی خاتون کرکٹر ہیں جو آئی سی سی کی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔ آسٹریلیا کی میگان دوسرے اور جنوبی افریقہ کی ایم کیپ تیسرے نمبر پر ہیں۔

پاکستان کی ثنا میر ہی دنیا کی ٹاپ پانچ آل راﺅنڈرز میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی ہیں۔آسٹریلیا کی ایلسے پیری پہلے، ویسٹ انڈیز کی سٹیفنی ٹیلر دوسرے، جنوبی افریقہ کی ڈی وین نیکرک تیسرے اور بھارت کی دیپتی شرما چوتھے نمبر پر ہیں۔ بیٹسمینوں میں آسٹریلیا کی ایلسے پیری پہلے نمبر پر ہیں جب کہ پاکستانی کوئی بھی کھلاڑی ٹاپ 20 بیٹسمینوں میں جگہ نہیں بناسکی۔

دوسری جانب ثنامیر نے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی کامیابی کا سہرا والدین اور کوچز کی دعاﺅں کو قراردیتے ہوئے کہا کہ بڑی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں جس نے مجھے بڑا کارنامہ سر انجام دینے کی ہمت عطا کی، میں اپنے والدین ، دوست اور کوچز کی بھی شکر گزار ہوں جن کی انتھک محبت اور دعاﺅں کی بدولت میں اس مقام پر پہنچی ہوں۔

بولرثنا میر کا کہنا تھا کہ میں آئی سی سی کا بھی شکریہ اداکرنا چاہوں گی جس نے ہمیں تسلسل کے ساتھ دنیا کی بہترین ٹیموں کے ساتھ کھیلنے کے لیے مواقع فراہم کئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔