فلور ملز کا رمضان میں گندم وآٹے پر سبسڈی کا مطالبہ

بزنس رپورٹر  اتوار 16 جون 2013
گندم ایران کو برآمد کرنے کے بجائے بلوچستان کو دیدی جائے، ظہور احمد، پریس کانفرنس۔  فوٹو: فائل

گندم ایران کو برآمد کرنے کے بجائے بلوچستان کو دیدی جائے، ظہور احمد، پریس کانفرنس۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے سینٹرل چیئرمین سید ظہور احمد خان آغا نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں گندم اور آٹے پر بھی سبسڈی دی جائے۔

صوبائی سطح پر گندم کی پالیسی بناتے وقت پر فلور ملز ایسوسی ایشن کو اعتماد میں لیا جائے،گزشتہ پانچ سال میں محکمہ خوراک کرپشن اور بدعنوانی کا گڑھ بن چکاہے، مسلم لیگ( ن) کی نومنتخب جمہوری حکومت محکمہ خوراک میں ایماندار اور فرض شناس افسران کی تعیناتی کو یقینی بنائے، ایران کو برآمد کی جانے والی گندم بلوچستان حکومت کو فراہم کی جائے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی۔

اس موقع پر محمد اقبال داؤد پاک والا، چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن سندھ چوہدری عنصر جاوید، سابق چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا، چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب حبیب الرحمن خان لغاری، چیئرمین فلور ملزایسوسی ایشن بلوچستان بدرالدین، چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا محمد نعیم بٹ، چوہدری عبدالجبار، حاجی عبدالواحد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ سید ظہور احمد نے کہا کہ صوبہ بلوچستان گندم کے معاملے میں صوبہ پنجاب اور سندھ پر انحصار کرتا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ایران کو فراہم کی جانے والی گندم بلوچستان کو دی جائے۔

گزشتہ چند ہفتوں سے بلوچستان کی صوبائی حکومت نے گندم کی نقل و حمل پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کردی ہے جس کی وجہ سے بلوچستان میں آٹے کے قحط کا اندیشہ ہے۔ پاکستان میں گندم کا بحران ہمیشہ بدانتظامی کی وجہ سے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران سندھ کے محکمہ خوراک میں کرپشن کے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ سانپ کا ڈسا رسی سے بھی ڈرتا ہے ۔اس لیے حکومت ایسے اقدامات کرے جس سے محکمے میں موجود کالی بھیڑوں کا صفایا کیا جائے اور محکمہ خوراک میں ایماندار، فرض شناس اور نیک نیت افسران کی تعیناتی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی سطح پر ایک ٹیم تشکیل دی جائے جو صوبائی سطح پر محکمہ خوراک پر چیک اینڈ بیلنس رکھے اور وفاقی محتسب کے ادارے کو بھی فعال بنایا جائے اگر صارف یا فلور ملز مالکان کی شکایت ہوں تو ان کو میرٹ کی بنیاد پر سنا جائے اور ان شکایات پر فوری انصاف فراہم کیا جائے۔ ٹرانسپورٹرز کے اس اعتراض پر کہ لانڈھی سے کورنگی گودام کرایہ فی بوری 30 روپے مقرر ہے جو کہ ناکافی ہے اس کو بڑھایا جائے۔ پرسید ظہور احمد آغا نے کہا کہ ہم فی الفور چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن سندھ چوہدری عنصر جاوید سے مشاورت کرکے اس مسئلے کو حل کرائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔