فلسطین کے بعد فلپائن فٹبال ٹیم کو بھی دورہ پاکستان کی دعوت

میاں اصغر سلیمی  منگل 23 اکتوبر 2018
سیریز کے کامیاب انعقاد سے کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع اور دونوں ملکوں کی دوستی میں بھی اضافہ ہوگا۔ فوٹو: فائل

سیریز کے کامیاب انعقاد سے کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع اور دونوں ملکوں کی دوستی میں بھی اضافہ ہوگا۔ فوٹو: فائل

 لاہور: پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی طرف سے فلپائن فیڈریشن کو ای میل کے ذریعے سیریز کی پیشکش کی گئی۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی انٹرنیشنل فٹبال کی بحالی میں ایک اور اہم پیش رفت، فلسطین کے بعد فلپائن کو بھی دورہِ پاکستان کی دعوت دے دی گئی، ذرائع کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن کی طرف سے فلپائن فیڈریشن کو باقاعدہ ایک ای میل کی گئی ہے جس میں فلپائن کی قومی ٹیم کو گرین شرٹس کے ساتھ میچز کی سیریز کھیلنے کی پیشکش کی گئی ہے۔

ای میل میں کہا گیا ہے کہ سیریز کے کامیاب انعقاد سے نہ صرف کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع ملے گا بلکہ دونوں ملکوں کی دوستی میں بھی اضافہ ہوگا، ذرائع کے مطابق فلپائن فٹبال فیڈریشن کی طرف سے مثبت پیش رفت ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے میچز کی تعداد اور مقامات کا تعین کیا جائے گا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ پی ایف ایف اس سے قبل فلسطین کی ٹیم کو بھی دورہ پاکستان کی دعوت دے چکا ہے، مہمان ملک کی طرف سے گرین سگنل ملنے کی صورت میں دونوں ٹیمیں 15 نومبر کو لاہور میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔