نوجوت سدھو کا ٹرین حادثے میں ہلاک والدین کے بچوں کی کفالت کا اعلان

ویب ڈیسک  منگل 23 اکتوبر 2018
میں اور میری اہلیہ ذاتی حیثیت میں ان بچوں کے تعلیمی اور دیگر اخراجات اٹھائیں گے (فوٹو: فائل)

میں اور میری اہلیہ ذاتی حیثیت میں ان بچوں کے تعلیمی اور دیگر اخراجات اٹھائیں گے (فوٹو: فائل)

امرتسر: بھارتی ریاست پنجاب کے وزیر نوجوت سنگھ سدھو نے امرتسر ٹرین حادثے میں ہلاک ہونے والے والدین کے بچوں کو گود لینے کا اعلان کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر برائے سیاحت و ثقافت نوجوت سدھو نے کہا کہ وہ آج اعلان کررہے کہ امرتسر ٹرین حادثے میں جان سے جانے والے والدین کے بچوں کی کفالت کی ذمہ داری وہ اٹھائیں گے اور اس کام میں ان کی اہلیہ بھی ساتھ ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی شہر امرتسر میں ہجوم ٹرین کی زد میں آگیا

سدھو نے کہا کہ میں اور میری اہلیہ اپنی ذاتی حیثیت میں ان بچوں کو بہترین تعلیمی اداروں میں  پڑھانے کے ساتھ ساتھ ان کے تمام اخراجات اٹھائیں گے جب کہ ان خواتین کی بھی بھرپور مالی معاونت کریں گے جن کے شوہر اس افسوس ناک حادثے میں لقمہ اجل بن گئے۔

واضح رہے کہ 19 اکتوبر کو امرتسر میں ہندو مذہب کی رسم دسہرا کی تقریب کے دوران پٹڑی پر موجود افراد تیزرفتار ٹرین کی زد میں آگئے تھے اور اس حادثے میں 61 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

پنجاب حکومت نے حادثے میں ہلاک افراد کے لواحقین اور متاثرہ خاندانوں کے لیے امداد کا اعلان کرتے ہوئے 21 خاندانوں کو فی کس پانچ لاکھ روپے ادا کیے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔