کرکٹ کے بعد ہاکی میں بھی فکسنگ کے الزامات اٹھنے لگے

میاں اصغر سلیمی  بدھ 24 اکتوبر 2018
منگل کی رات شیڈول انڈیا، ملائشیا میچ دیکھنے بعد محسوس ہوتا ہے کہ یہ میچ  فکس تھا، سابق اولیمپئن شہناز شیخ فوٹو:فائل

منگل کی رات شیڈول انڈیا، ملائشیا میچ دیکھنے بعد محسوس ہوتا ہے کہ یہ میچ فکس تھا، سابق اولیمپئن شہناز شیخ فوٹو:فائل

لاہور: سابق اولیمپئن شہناز شیخ نے ایشین ہاکی چیمینزٹرافی میں بھارت اور ملائشیا کا میچ فکس ہونے کے خدشات ظاہر کردیئے۔

شہناز شیخ کا ایکسپریس سے خصوصی بات چیت کے دوران کہنا تھا کہ منگل کی رات شیڈول انڈیا، ملائشیا میچ دیکھنے بعد محسوس ہوتا ہے کہ یہ میچ  فکس تھا۔ میری اس بات کی تائید میچ کے دوران کمنٹیٹر بھی کر رہا تھا کہ بھارت سپرٹ کے ساتھ نہیں کھیل رہا۔ میچ کے دوران ملائشیا نے 40 فیصد جبکہ بھارت نے 60 فیصد بال کنٹرول کے باوجود گول اسکور نہ کیا۔

سابق اولیمپئن نے کہا بھارتی ٹیم 22 مرتبہ ملائشیا کے گول ایریا میں داخل ہوئی لیکن گول اسکور نہ کرسکی جبکہ ملائشیا 7 مرتبہ انڈین اٹیک سرکل میں داخل ہوسکا، کھیل کے اس قدر فرق کے باوجود اور شماریات کا موازنہ کرنے سے واضح معلوم ہوتا ہے کہ یہ میچ فکس تھا۔

شہناز شیخ کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی بھارت اور ملائشیا  پر یہ الزامات لگتے رہے ہیں کہ دونوں ٹیمیں جان بوجھ کر ایسا کھیلتی ہیں، میری رائے میں یہ اسپورٹسمین سپرٹ کے خلاف ہے۔ سلطان قابوس اسپورٹس کمپلیکس مسقط میں جاری پانچویں ایشین ہاکی چیمینزٹرافی میں انڈیا اور ملائشیا کے مابین کھیلا گیا یہ میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا، راؤنڈ رابن کی بنیاد پرکھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں نے ایک، ایک پوائنٹ حاصل کرکے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

دوسری جانب پوائنٹس ٹیبل پر انڈیا 4 میچز کے بعد 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست، ملائشیا دوسری اور پاکستان 3 میچز میں 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔ پاکستانی ٹیم آج ایشیائی ایونٹ کے  چوتھے میچ میں جاپان کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔