قانون کی بالادستی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کرینگے، چیف جسٹس

 اتوار 16 جون 2013
سیشن کورٹ میں فائرنگ ناقص سیکیورٹی کا نتیجہ ہے، سپریم کورٹ میں وکالت کے لائسنس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب۔ فوٹو: فائل

سیشن کورٹ میں فائرنگ ناقص سیکیورٹی کا نتیجہ ہے، سپریم کورٹ میں وکالت کے لائسنس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب۔ فوٹو: فائل

لاہور: چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم ملک میں انصاف کی بالادستی کیلیے کام کر رہے ہیں۔

انصاف کی فراہمی کے بغیر کوئی معاشرہ اور ملک مضبوط نہیں ہو سکتا، ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کی راہ میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، سیشن کورٹ لاہور میں کمرہ عدالت میں فائرنگ کا واقعہ ناقص سیکیورٹی کا نتیجہ ہے، عدالتوں کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا جائے گا۔ہفتے کو وکلا میں سپریم کورٹ میں وکالت کے لائسنس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ عدلیہ بغیر کسی خوف کے ملک میں انصاف کی فراہمی کیلیے کام کر رہی ہے اور ہم عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

وکلا کا انصاف کی فراہمی آئین اور قانون کی حکمرانی میں انتہائی اہم کردار ہے اور جس طرح وکلا نے ملک میں عدلیہ کی آزادی کی تحریک میں کردار ادا کیا وہ بھی ایک مثال ہے۔  وکلا کو بھی چاہیے کہ عدالتوں کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔ این این آئی کے مطابق چیف جسٹس نے کہا کہ وکلا آئین کی تشریح میں عدالتوں کی معاونت کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔