بندوں کی مضبوطی کا کام جلد مکمل کیا جائے، جمال مصطفی

ایکسپریس نیوز ڈیسک  پير 17 جون 2013
ڈویژن کمشنر حیدرآباد ڈویژن جمال مصطفی سید ایل بی او ڈی نالے کا دورہ کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

ڈویژن کمشنر حیدرآباد ڈویژن جمال مصطفی سید ایل بی او ڈی نالے کا دورہ کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

بدین: ڈویژنل کمشنر حیدرآباد جمال مصطفی سید نے بدین ضلع کی ساحلی پٹی کا دورہ کیا۔

انہوں نے ایل بی او ڈی ٹائٹل لنک، رینجرز چیک پوسٹ سمیت آر ڈی 28، 30، 59، آر ڈی 60 اور آر ڈی U/32 کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈائریکٹر سیڈا حبیب اللہ عرسانی کو ہدایت کی کہ وہ بندوں کی مضبوطی کے لیے اسٹون پچنگ کا کام جلد مکمل کروائیں اور گزشتہ بارشوں اور سیلاب میں پڑے شگافوں کو فوری طور پر بند کیا جائے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ  یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے ایل بی او ڈی پلوں کے جاری کاموں کا معائنہ کیا اور محکمہ آبپاشی اور سیڈا کی انتظامیہ سے کہا کہ وہ برساتی صورتحال میں عملے کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔ قبل ازیں کمشنر حیدرآباد نے سول اسپتال بدین کے مختلف وارڈز کا  دورہ بھی کیا اور عملے کی حاضری  چیک کی ، کمشنر نے ایک سرجن علی نواز کی غیر حاضری کا سختی سے نوٹس لیا۔ اس موقع پر اے ڈی سی راؤ افتخار، اسسٹنٹ کمشنر بدین حسن ھوت اور سید ظفر شاہ بھی موجود تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔