حج پر جانے کے خواہشمند شہری پاسپورٹ سے محروم، ڈیڑھ لاکھ درخواستیں التوا کا شکار

عادل جواد  پير 17 جون 2013
ٹور آپریٹرز پاسپورٹ کے حامل شہریوں سے درخواستیں وصول کرنے لگے،کرپٹ افسران و عملے کو گھر جانا ہوگا،درخواستیں 3 ہفتے میں نمٹا دینگے۔ فوٹو: فائل

ٹور آپریٹرز پاسپورٹ کے حامل شہریوں سے درخواستیں وصول کرنے لگے،کرپٹ افسران و عملے کو گھر جانا ہوگا،درخواستیں 3 ہفتے میں نمٹا دینگے۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاسپورٹس اینڈ امیگریشن ڈپارٹمنٹ 15 جون تک حج پر جانے کے خواہشمند شہریوں کو پاسپورٹ فراہم کرنے میں ناکام ہے جسکے باعث حج پر جانے کے خواہشمند ہزاروں شہریوں کا مقدس فریضے کی ادائیگی سے محروم رہنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

معمول کی فیس کے ساتھ جمع ہونے والی پاسپورٹ کے حصول کیلیے جمع ہونے والی ڈیڑھ لاکھ درخواستیں التوا کا شکار ہیں،ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ وزارت مذہبی امور کی جانب تصدیق کے بعد سرکاری اسکیم کے ذریعے حج درخواستیں جمع کرانے والے85 ہزار شہریوں کو پاسپورٹ فراہم کردیے گئے ہیں، تفصیلات کے مطابق پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ڈپارٹمنٹ نے اعلان کیا تھا کہ لیمینیشن پیپر کی درآمد کے بعد پاسپورٹ کی پرنٹنگ کا بحران حل کرلیا گیا ہے اور 15 جون تک معمول اور ارجنٹ فیس کے ساتھ جمع ہونے والی درخواستوں کو نمٹادیا جائے گا تاکہ حج پر جانے کے خواہشمند درخواست گزاروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

تاہم 15 جون کی ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود معمول کی فیس کے ساتھ جمع ہونے والی ڈیڑھ لاکھ سے زائد درخواستیں التوا کا شکار ہیں، ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس اینڈ امیگریشن ذوالفقار چیمہ نے بتایا کہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستیں جمع کرانے والے85 ہزار شہریوں کا ڈیٹا فراہم کیا گیا تھا جنھیں پاسپورٹ جاری کردیا گیا ہے،انھوں نے بتایا کہ ارجنٹ فیس کے ساتھ جمع ہونے والی درخواستوں کو معمول کے مطابق 8 سے 10 دن میں نمٹایا جارہاہے انھوں نے اعتراف کیا کہ معمول کی فیس کے ساتھ جمع ہونے والی ڈیڑھ لاکھ کے قریب درخواستیں تاحال التوا کا شکار ہیں تاہم زیر التوا درخواستوں کو آئندہ دو سے تین ہفتے میں نمٹا دیا جائے گا۔

ایکسپریس کے ذرائع کے مطابق حج پر جانے کے خواہشمند صرف کراچی کے ہزاروں شہریوں کو تاحال پاسپورٹ کی فراہمی ممکن نہیں ہوسکی ہے،ذرائع نے بتایا کہ اگر ایک ہفتے کے دوران ان شہریوں کو پاسپورٹ جاری نہیں کیے گئے تو بڑی تعداد میں لوگ حج سے محروم رہ جائیں گے جبکہ پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کے ذریعے حج پر جانے کے خواہشمند ہزاروں افراد بھی تاحال پاسپورٹ نہ ملنے کی وجہ سے اپنی درخواستیں جمع نہیں کرپارہے ہیں پرائیویٹ حج گروپ آرگنائزرز صرف ایسے شہریوں کی درخواستیں وصول کررہے ہیں جنھیں پاسپورٹ جاری کیے جاچکے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس اینڈ امیگریشن ذوالفقار چیمہ نے ایکسپریس کو مزید بتایا کہ ریجنل پاسپورٹ آفس کراچی کے ذریعے غیرملکی تارکین وطن اور افغان پناہ گزینوں کو پاسپورٹ جاری کیے جانے کی شکایات موصول ہوئی ہیں، انھوں نے کہا کہ جلد ریجنل پاسپورٹ آفس کراچی کی تنظیم نو کی جائے گی اور کرپٹ افسران اور عملے کو گھر جانا ہوگا،محکمے کو کرپشن سے پاک کرنے کا عزم کیا ہے اور اس سلسلے میں بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی، انھوں نے کہا کہ صرف اچھی شہرت کے حامل ایماندار افسران کو ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔