ورلڈ ٹیم اسکواش، مصر ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام

اسپورٹس ڈیسک  پير 17 جون 2013
فائنل میں انگلینڈ نے ہرادیا ، آسٹریلیا کو پچھاڑنے والے فرانس کی تیسری پوزیشن۔ فوٹو: فائل

فائنل میں انگلینڈ نے ہرادیا ، آسٹریلیا کو پچھاڑنے والے فرانس کی تیسری پوزیشن۔ فوٹو: فائل

پیرس: انگلینڈ نے ٹاپ سیڈ مصر کو2-1 سے ہراکر ورلڈ ٹیم اسکواش ٹائٹل اپنے نام کرلیا، فرانس کے شہر مول ہائوس میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل کے پہلے مقابلے میں مصری طارق مومن کو انگلش ڈیرل سیلبے کے ہاتھوں 3-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ڈیرل کی فتح کا اسکور11-5،11-7 اور11-3 رہا۔ دوسرے میچ میں ورلڈ نمبر ون رامے عاشور نے نک میتھیوکو 5-11، 11-6، 11-9 اور11-9 سے زیر کرتے ہوئے مقابلہ ایک، ایک سے برابر کردیا مگر تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں تجربہ کار مصری پلیئر کریم درویش کو حریف  جیمز ویلسٹروپ نے سخت مقابلے کے بعد 11-3، 11-13، 11-3 اور11-4 سے شکست دیکر انگلینڈ ٹیم کو ٹائٹل کا حقدار بنادیا۔

یاد رہے کہ گذشتہ ایونٹ میں مصر نے اسی مارجن سے انگلینڈ کو زیر کرتے ہوئے ٹائٹل پر قبضہ جمایا تھا۔ انگلینڈ ورلڈ ٹیم ٹائٹل پانچویں مرتبہ جیتنے میں کامیاب رہا ہے، اس سے قبل 1995,1997,2005 اور2007 میں سرخرو ہوا تھا۔ رواں مقابلوں میں ایونٹ کی تمام ٹاپ فور ٹیموں نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ فرانس نے تیسری پوزیشن حاصل کی، فاتح سائیڈ نے آسٹریلیا کو 2-1 سے زیر کیا۔ پانچویں پوزیشن کے میچ میںجرمنی نے جنوبی افریقہ کو ہرایا۔ ساتویں پوزیشن بھارت نے حاصل کی اس نے ملائیشین ٹیم کو 2-1 سے زیر کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔