چینی شخص کی غذائی نالی میں ایک سال سے پھنسا ہوا چمچہ نکال لیا گیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 27 اکتوبر 2018
چینی شخص کی غذائی نالی میں ایک سال تک 8 انچ لمبا چمچہ پھنسا رہا (فوٹو: اوڈٹی سینٹرل)

چینی شخص کی غذائی نالی میں ایک سال تک 8 انچ لمبا چمچہ پھنسا رہا (فوٹو: اوڈٹی سینٹرل)

بیجنگ: ایک چینی شخص شرط کے دوران 8 انچ لمبا چمچہ نگل لیا جو غلطی سے اس کے ایسوفیگس یا غذائی نالی میں ایک سال تک اٹکا رہا تاہم ڈاکٹروں نے ایک مشکل آپریشن کے بعد اس کی پریشانی دور کردی ہے۔

چین کے خودمختار علاقے زنجیانگ سے تعلق رکھنے والے ایک نامعلوم شخص نے بتایا کہ چمچہ پھنسنے کے باوجود اسے کھانے پینے اور سانس لینے میں کوئی دقت پیش نہیں آرہی تھی اور اسی وجہ سے وہ ڈاکٹر کے پاس نہیں گیا لیکن چند روز قبل اس کے سینے میں درد اٹھا تو اس نے ڈاکٹر سے رجوع کیا۔

ایکسرے سے معلوم ہوا کہ چمچہ سیدھا ہوکر اس کی غذائی نالی میں پھنسا ہوا ہے اور یہ اس کی خوش قسمتی ہے کہ وہ زندہ رہا کیونکہ اس سے سانس میں رکاوٹ پیدا ہوسکتی تھی۔ ایک دن وہ شراب کے نشے میں تھا کہ اس نے دوستوں کے ساتھ چمچہ نگلنے اور اسے دوبارہ اگلنے کی شرط لگوائی۔ اس شرط کے دوران چمچہ نالی میں جاکر پھنس گیا اور باہر نہ آسکا لیکن وہ اسپتال جانے کی بجائے دیکھنا چاہتا تھا کہ چمچہ کسی پریشانی کی وجہ بنتا ہے یا نہیں۔

جب اس نے ڈاکٹروں کو غذائی نالی میں پھنسے چمچے کے بارے میں بتایا تو وہ یہ جان کر حیران رہ گئے کیونکہ اس وقت تک اس کے معدے میں انفیکشن پھیلنا شروع ہوچکا تھا۔ ڈاکٹروں نے فوری طور پر چمچہ نکالنے کا فیصلہ کیا اور مریض  کو بے ہوش کرنے کے بعد دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد اس کی نالی سے چمچہ نکال لیا۔

اگرچہ یہ ایک خطرناک عمل تھا لیکن ڈاکٹروں نے کہا کہ خوش قسمتی سے اس واقعے سے مزید پیچیدگیاں پیدا نہیں ہوئیں ورنہ صرف سوتے دوران ہی دم گھنٹے سے اس کی موت یقینی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔