بچے کی ولادت میں مددگار ’زچگی صوفہ‘

ویب ڈیسک  ہفتہ 27 اکتوبر 2018
افریقا میں خاص انداز سے تیار کردہ زچگی صوفے کے بہترین نتائج برآمد ہوئے ہیں (فوٹو: سائنس فار ڈویلپمنٹ نیٹ ورک)

افریقا میں خاص انداز سے تیار کردہ زچگی صوفے کے بہترین نتائج برآمد ہوئے ہیں (فوٹو: سائنس فار ڈویلپمنٹ نیٹ ورک)

یوگینڈا: افریقا میں ایک تنظیم اور دیگر اداروں کی مدد سے تیار کردہ خاص کرسی نما کُشن سے بچوں کی ولادت میں بہت سہولت نوٹ کی گئی ہے۔

اطالوی تنظیم ’ڈاکٹرز وِد افریقا‘ اور یونیسیف کے تعاون سے یہ کم خرچ اور انقلابی ایجاد بنائی گئی۔ اپنی افادیت کی بنا پر کئی افریقی ممالک کے میٹرنٹی ہومز اور اسپتالوں میں اسے استعمال کیا جارہا ہے اور دیگر اسپتال بھی اسے تیزی سے قبول اور استعمال کررہے ہیں۔ جنوبی سوڈان میں بھی نرسوں نے اسے کامیابی سے استعمال کیا ہے اور ماؤں نے اسے بہترین قرار دیا ہے۔

یوگینڈا کے ایک علاقے کاراموجا میں اکثر خواتین گھروں میں بچوں کو جنم دیتی ہیں اور اس عمل میں اکڑوں بیٹھا کرتی تھی تاہم اب خاص زچگی صوفے کی بدولت وہ اپنی سہولت سے بچے کو جنم دے رہی ہیں اور بچہ نرم فوم پر آکر رکتا ہے۔ اس ضمن میں رپورٹ کے مصنف اولیوفیمی اولاپاڈو کہتے ہیں کہ زچگی صوفے کی بدولت خواتین اپنی پسندیدہ پوزیشن میں بچے کو جنم دے سکتی ہیں۔

صوفے کے دائیں اور بائیں جانب فولادی ہینڈل نصب ہیں جنہیں خواتین زچگی کے دوران تھام سکتی ہیں۔ کشن کی ساخت کچھ اس طرح بنائی گئی ہے کہ آنول نال گرنے میں بھی آسانی ہوتی ہے۔ یونیسیف کے مطابق صوفہ بچے کی پیدائش کے عمل کو بھی تیز کرتا ہے۔

اطالوی تنظیم اور یونیسیف اس کشن کی کامیابی کے بعد اسے پورے افریقا میں رائج کرنے کے متعلق سنجیدگی سے غور کررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔