اسٹیل اسکریپ کی درآمد میں غلط بیانی سے ٹیکس چوری کا انکشاف

کمرشل امپورٹرزکیلیے اسکریپ درآمدپرسیلزٹیکس10ہزار400سے گھٹاکر9ہزار 400روپے ٹن کرنے پرغورکیاجارہاہے،دستاویز


Irshad Ansari October 28, 2018
کمرشل امپورٹرزکیلیے اسکریپ درآمدپرسیلزٹیکس10ہزار400سے گھٹاکر9ہزار 400روپے ٹن کرنے پرغورکیاجارہاہے،دستاویز۔ فوٹو: فائل

ملک میں اسٹیل پروڈکٹس کی تیاری میں استعمال ہونیوالے خام مال کی درآمد پر ٹیکس بچانے کیلیے بڑے پیمانے پر مس ڈیکلریشن کا انکشاف ہوا ہے۔

''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق یہ انکشاف ایف بی آر کو فیلڈ فارمشنز سے موصول ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک میں پگھلنے کے لائق آئرن اور اسٹیل اسکریپ کی درآمد مختلف پی سی ٹی ہیڈنگز کے تحت ہورہی ہے جن میں پی سی ٹی ہیڈنگ 7204.300، پی سی ٹی ہیڈنگ 7204.4100 اور پی سی ٹی ہیڈنگ 7204.4990 شامل ہیں جس سے اناملیز پیدا ہورہی ہیں جس کی وجہ سے پگھلنے لائق آئرن اور اسٹیل اسکریپ کی درآمدی سطح پر بڑے پیمانے پر مس ڈیکلریشن ہورہی ہے۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ اسکریپ کی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹی کی شرح یکساں ہے مگر انیکسچر کے ذریعے درآمدات پر فائدہ اٹھانے کیلیے دیگر اقسام کے اسکریپ کو بھی انہیں پی سی ٹی ہیڈنگ میں شامل کردیا جاتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ درآمدی سطح پر اسٹیل اسکریپ کی مس ڈکلیریشن روکنے کیلیے فیلڈ فارمشنز کی جانب سے کسٹمز حکام کو متعدد مرتبہ تمام پی سی ٹی ہیڈنگز کو الگ الگ کرنے کا کہا گیا ہے مگر ابھی تک اس پر کوئی عمل نہیں ہوسکا اور صوررتحال جوں کی توں برقرار ہے جس کی وجہ سے پگھلنے لائق آئرن اور اسٹیل اسکریپ کی درآمدی سطح پر بڑے پیمانے پر مس ڈیکلریشن ہورہی ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیاہے کہ درآمدی اسٹیل اسکریپ پر ٹیکس بچانے کیلیے کمرشل امپورٹرز کی جانب سے مینوفیکچررز کے نام پر بھی اسکریپ منگوایا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمرشل امپورٹرز کیلیے اسکریپ کی درآمد پر 10 ہزار 400 روپے ٹن کے حساب سے سیلز ٹیکس عائد ہے مگر مینوفیکچررزکیلیے اسی اسکریپ کی درآمد پر 5ہزار 600 روپے ٹن کے حساب سے سیلز ٹیکس عائد ہے لہٰذا 4 ہزار 800 روپے ٹن کے حساب سے سیلز ٹیکس بچایا جارہا ہے جو کہ درآمد کنندگان اور مینوفیکچررز کی جانب سے شیئر کیا جاتا ہے اور اسکریپ کی درآمدی سطح پر مس ڈیکلریشن روکنے کیلیے رپورٹ میں کمرشل امپورٹرز کیلیے اسٹیل اسکریپ کی درآمد پر عائد سیلز ٹیکس 10 ہزار 400 روپے ٹن سے کم کرکے9 ہزار 400 روپے ٹن کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں