گلستان جوہر پولیس افسر اسکے بھائی اور دوست کا سوئم آج ہوگا

سب انسپکٹر عدیل، شاہ زیب قتل کیس میں ملزمان کی گرفتاری میں پیش پیش رہا تھا


Staff Reporter June 18, 2013
عاطف احمد / عدیل احمد ۔ فوٹو : ایکسپریس

ISLAMABAD: گلستان جو ہر میں فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے درخشاں تھا نے کے سب انسپکٹر ، بھائی اور دوست کا سوئم آج(منگل کو) ہوگا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کر کے تفتیش شروع کردی، تفصیلات کے مطابق شارع فیصل تھانے کی حدود میں ہفتے اور اتوار کی شب گلستان جو ہر بلاک13میں فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے درخشاں تھانے کے سب انسپکٹر عدیل احمد خان ، بھائی عاطف احمد خان اور دوست علی رضا کا سوئم آج (منگل کو)ان کی رہائش گاہ پرہوگا، مقتول پولیس افسر کے بھائی عدنان نے ایکسپریس کو بتایا کہ اس واقعے نے ان کے اہلخانہ کی زندگی کو یکسر تبدیل کردیا ہے، انھوں نے بتایا کہ ان کے ایک بھائی سندھ ہائی کورٹ کے وکیل ہیں ۔



مقتول کے بڑے بھائی محکمہ پولیس سے وابستہ تھے جبکہ وہ خود کے ایم سی میں کلرک ہیں،انھوں نے بتایا کہ مقتول عاطف ٹیکسٹائل ڈپلومہ ہولڈر تھا اور آج کل روز گار کے تلاش میں تھا، ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والا درخشاں تھانے کا سب انسپکٹر عدیل احمد خان شاہ زیب قتل کیس میں ملزمان کی گرفتاری میں پیش پیش بھی رہا تھا، ادھر شارع فیصل پولیس نے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 348/2013 بجرم دفعہ 302/34 اور انسداد دہشت گرد ایکٹ7-ATA کے تحت مقتولین کے بھائی عدنان کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان نے خلاف درج کر لیا گیا ہے، ایس ایچ او شارع فیصل کے مطابق مقتول کے موبائل فون کا ریکارڈ حاصل کرنے کیلیے متعلقہ حکام سے رابطہ کر لیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں