ایکسپو پاکستان نمائش کے لیے تیاریاں تیزی سے جاری

75 ملکوں کے 800 خریداروں کی شرکت متوقع، 500 کمپنیاں اسٹالز لگائیں گی


Business Reporter June 19, 2013
فیشن شو بھی ہوگا، 80 فیصد جگہ بک، نمائش سے 80 کروڑ ڈالر کے آرڈرز ملنے کی توقع۔ فوٹو: فائل

ایکسپو پاکستان نمائش کے لیے تیاریاں تیزی سے جاری ہیں، اس سال نمائش میں 75 ملکوں کے 800 غیرملکی خریداروں کی شرکت متوقع ہے۔

اب تک 15 ملکوں نے نمائش میں شرکت کی درخواست کی ہے اور مجموعی طور پر 60 سے زائد غیرملکی کمپنیوں کے اسٹالز لگائے جائیں گے، جن ملکوں نے نمائش میں شرکت کے لیے دلچسپی ظاہر کی ہے ان میں ملائیشیا، چین، تھائی لینڈ، جاپان، سری لنکا، برازیل سرفہرست ہیں، جاپانی ادارے ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائزیشن، چین کی کونسل فار دی پرموشن آف انٹرنیشنل ٹریڈ جبکہ ملائیشیا کی ایکسٹرنل ٹریڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے تحت جاپان، چین اور ملائیشیا کی بڑی کمپنیاں شرکت کریں گی، ایکسپو پاکستان نمائش میں پاکستانی کمپنیاں اور ٹریڈ ایسوسی ایشنز بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں، نمائش میں مجموعی طور پر 500 سے زائد کمپنیوں کے اسٹالز لگائے جائیں گے۔



اب تک پاکستان ٹاؤل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن، پاکستان جیم مرچنٹس اینڈ جیولری ایسوسی ایشن، ایک ہنر ایک نگر (آہن)، فرنیچر پاکستان اور پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل امپورٹرز ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے بھرپور شرکت کی یقین دہانی کرادی ہے اور نمائش کے لیے 80 فیصد اسپیس بک کی جاچکی ہے، نمائش سے 800 ملین ڈالر کے ایکسپورٹ آرڈرز ملنے کی توقع کی جارہی ہ۔،

گزشتہ 7ویں ایکسپو پاکستان نمائش سے 513 ملین ڈالر کے برآمدی آرڈرز حاصل ہوئے تھے، نمائش کے ساتھ پاکستانی فیشن انڈسٹری کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے فیشن شو بھی منعقد کیا جائے گا، فیشن شو میں پاکستان کے 15 سرفہرست فیشن ڈیزائنرز حصہ لیں گے، فیشن شو کے دوران پاکستانی دستکاریوں اور ہاتھ سے بنائی گئی زیبائشی اشیا کی نمائش کے لیے خصوصی سیگمنٹ بھی منعقد کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں