عیدشاپنگ، بینکوںسے50ارب روپے سے زائدنکلوالیےگئے

بزنس رپورٹر  ہفتہ 18 اگست 2012
بڑے پیمانے پررقوم کے انخلاسے بینک سرمائے کی قلت کاشکار،کئی علاقوں میں اے ٹی ایمزبند (فوٹو : اے ایف پی)

بڑے پیمانے پررقوم کے انخلاسے بینک سرمائے کی قلت کاشکار،کئی علاقوں میں اے ٹی ایمزبند (فوٹو : اے ایف پی)

کراچی: عید پر بینکوں سے رقوم نکلوانے کا سلسلہ جاری ہے، کھاتے دار عید کی تیاریوں اور کاروباری ادائیگیوں کیلیے بڑے پیمانے پر بینکوں سے رقوم نکلوارہے ہیں جس سے بینکوں کو سرمائے کی قلت کا سامنا ہے، یہی وجہ ہے کہ مختلف علاقوں میں بینکوں کے اے ٹی ایمز بند کردیے گئے ہیں یا پھر اے ٹی ایمز سے کیش نہ ہونے کے پیغامات نشر ہورہے ہیں۔

جمعہ کو (معمول کے مطابق) بینکوں کا آخری کاروباری روز ہونے کی وجہ سے کھاتے داروں کی بڑی تعداد نے صبح سے ہی بینکوں کا رخ کرلیا، اس موقع پر متعدد بینکوں میں رقوم نہ ہونے پر کھاتے داروں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ بینکنگ ذرائع کے مطابق عید پر بینکوں سے 50 ارب روپے سے زائد کی رقوم نکلوائی گئی جو عید کی تعطیلات کے بعد واپس بینکنگ سسٹم میں آجائیں گی۔ ادھر اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ وہ اپنی آٹو میٹڈ ٹیلر مشینوں (اے ٹی ایمز) میں وافر مالیت میں نقدی کی دستیابی یقینی بنائیں تاکہ عوام کو عید کی تعطیلات یا چھٹیوں کے دوران اے ٹی ایمز سے رقوم کے حصول میں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔

اسٹیٹ بینک نے متنبہ کیا ہے کہ اگر عید کی تعطیلات کے دوران اے ٹی ایمز غیر فعال پائی گئیں تو بینکوں پر جرمانے عائد کیے جائیں گے، ایس بی پی بی ایس سی کی معائنہ ٹیمیں عید کی تعطیلات کے دوران اے ٹی ایمز کے درست حالت میں کام کرنے اور ان میں رقوم کی دستیابی کی مانیٹرنگ کریں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔