کراچی میں لوکل ٹرین بحال سرکلر ریلوے کی بھی امید

وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو کراچی میں ٹرانسپورٹ کا مسئلہ ترجیحی بنیاد پر حل کرنا ہوگا۔


Editorial November 02, 2018
وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو کراچی میں ٹرانسپورٹ کا مسئلہ ترجیحی بنیاد پر حل کرنا ہوگا۔ فوٹو: فائل

صدر مملکت عارف علوی نے کراچی میں گیارہ برس سے بند لوکل ٹرین کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے سستا اور آسان ذریعہ سفر ہے، ریلوے کا نظام جلد بہتر ہو جائے گا، ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل کرنے کے لیے سرکلر ریلوے کا فعال ہونا ضروری ہے۔

اہل کراچی کے لیے یہ خبر تازہ ہوا کا جھونکا ہے کیونکہ پاکستان کا سب سے زیادہ آبادی والا شہر، جوکہ تجارتی و معاشی ہب بھی ہے، اس میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام مکمل طور پر دم توڑ چکا ہے۔ لاکھوں مزدوروں سمیت غریب ومتوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے مرد وخواتین ، بچے اور طالب علم جس اذیت وکرب ناک صورتحال کا سامنا دوران سفرکرتے ہیں، اس کو قلم بیان کرنے سے قاصر ہے۔

گنی چنی ٹوٹ پھوٹ کی شکار بسیں اور لاکھوں مسافر ۔کراچی سے چلنے والی ٹرین جہاں دھابیجی تک 65 کلومیٹرکا فاصلہ طے کرے گی ، وہی یہ صنعتی مزدوروں کو سستے سفرکی سہولت بھی فراہم کرے گی، بلاشبہ دنیا بھر میں سستا ترین ذریعہ سفر ٹرین ہی ہے، یہ وہی ماضی کا خوبصورت شہر کراچی ہے جہاں رات کو سڑکیں دھوئی جاتی تھیں اور شہر میں ٹرامیں اور پھر متعدد سرکلر ٹرینیں چلا کرتی تھی۔ لیکن حکومت کی بد انتظامی کے سبب یہ بہترین نظام ختم کردیا گیا اور شہر میں ٹرانسپورٹ مافیا کا قبضہ ہوگیا اور پھر کہانی تبدیل ہوئی اور شہر سے پبلک ٹرانسپورٹ تقریبا ختم ہوگئی اور پورا شہر چنگچی رکشاؤں کا محتاج ہوکر رہ گیا۔

روشنیوں کے شہر نے شہر نا پرسان کی صورت اختیار کرلی۔ دوسری جانب کراچی کے شہریوں کا برسہا برس سے مطالبہ رہا ہے کہ سرکلر ریلوے کو بحال کیا جائے تاکہ شہر میں ٹریفک جام کے مسائل سے نجات مل سکے۔ اس ضمن میں سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) پرکام کر رہے ہیں اور چین کی مدد سے اس کا آغاز جلد کیا جائے گا ۔ یہ منصوبہ اکتالیس کلومیٹر طویل ہے اور یہ تمام بی آرٹی لائنزکو مدد بھی فراہم کرے گا ۔ یہ خبر بھی کراچی کے عوام کو آنے والے اچھے دنوں کی نوید سنا رہی ہے۔

ادھر عالمی بینک نے کہا ہے کہ کراچی کو ملک کی ترقی کا انجن ہونے کے باوجود خطرات لاحق ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو کراچی میں ٹرانسپورٹ کا مسئلہ ترجیحی بنیاد پر حل کرنا ہوگا۔عالمی بینک کے مطابق کراچی سے عدم دلچسپی پاکستان کی بدقسمتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں