بجلی چوری روکنے کے لیے اسمارٹ میٹر لگانے کا فیصلہ

رضوان غلزئی  اتوار 4 نومبر 2018
کنڈا سسٹم کے خاتمے کے لیے اے بی سی تار بچھانے کا منصوبہ بھی زیر غور۔ فوٹو: فائل

کنڈا سسٹم کے خاتمے کے لیے اے بی سی تار بچھانے کا منصوبہ بھی زیر غور۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: بجلی چوری کی روک تھام کیلیے ملک بھر میں بجلی کے اسمارٹ میٹر لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

ملک میں بجلی چوری کی روک تھام کے لیے حکومت کے اقدامات جاری ہیں۔ اس ضمن میں وزارت توانائی نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے ملک بھر میں بجلی کے اسمارٹ میٹر لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسمارٹ میٹر لگانے کیلیے نوے کروڑ (900 ملین ) ڈالر درکار ہوں گے۔ اسمارٹ میٹرمنصوبے کے لیے  پاور ڈویژن نے ایشیائی ترقیاتی بینک سے رابطہ کیا ہے۔

وزارت توانائی کے ذرائع کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے اسمارٹ میٹر پروگرام میں تعاون پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ اس سے پہلے مسلم لیگ ن حکومت نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے آئیسکو اور لیسکو کے لیے اسمارٹ میٹر منصوبہ شروع کیا تھا جو تیکنیکی مسائل کی وجہ سے بند کر دیا گیا تھا۔

اسمارٹ میٹر پروگرام سے ملک میں بجلی چوری کے روک تھام میں مدد ملے گی۔ حکومت کی جانب سے کنڈا سسٹم کے خاتمے کے لیے اے بی سی تاریں بچھانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔