سندھ ہائیکورٹ،سابق وزیرداخلہ بلوچستان کی حفاظتی ضمانت منظور

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 18 اگست 2012
بگٹی قتل کیس میں شعیب نوشیروانی کو3ہفتے میں متعلقہ عدالت میں پیش ہونیکی ہدایت۔ فوٹو: ایکسپریس

بگٹی قتل کیس میں شعیب نوشیروانی کو3ہفتے میں متعلقہ عدالت میں پیش ہونیکی ہدایت۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: سابق گورنر بلوچستان نواب اکبرخان بگٹی کے مقدمہ قتل میں نامزد ملزم اس وقت کے صوبائی وزیر داخلہ میر شعیب نوشیروانی نے بھی سندھ ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کرلی ہے اس سے قبل سندھ ہائیکورٹ اس وقت کے وزیر اعلی بلوچستان جام یوسف کی حفاظتی ضمانت منظور کرچکی ہے۔

جمعہ کو سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد انور باجوہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس کے ملزم سابق وزیرداخلہ بلوچستان میر شعیب نوشیروانی کی 5لاکھ روپے کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ تین ہفتوں کے اندر متعلقہ عدالت کے سامنے پیش ہوجائیں ،درخواست گزار کے وکیل محمد فاروق نے موقف اختیار کیا کہ شعیب نوشیروانی اس مقدمے میں اپنے دفاع کے لیے عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں۔

وہ اس سے قبل مقدمے کی ایف آئی آر کی رجسٹریشن کے مقدمے کی سماعت کے موقع پر بھی اعلی عدالتوں میں پیش ہوچکے ہیں لیکن ابھی تک عدالت سے کوئی نوٹس موصول نہیں ہواتھا تاہم اچانک سبی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ،ان کی گرفتاری کا اندیشہ ہے اس لیے حفاظتی ضمانت منظور کی جائے تاکہ وہ بحفاظت متعلقہ عدالت میں پیش ہوسکیں،درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ نواب اکبر بگٹی کے قتل سے ان کا کوئی تعلق نہیں،سویلین حکومت اس آپریشن سے لاتعلق تھی،مذکورہ آرمی ایکشن اس وقت کے صدر کے حکم پرکیا گیااورفوج نے خود ہی آپریشن کی نگرانی کی، فاضل عدالت نے مقدمے کے حقائق سے قطع نظر ان کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔