دبئی میں پانی کی صفائی کیلیے آبی روبوٹ کا استعمال

ویب ڈیسک  پير 5 نومبر 2018
ویسٹ شارک دبئی میں کئی جگہوں پر استعمال کیا جائے گا (فوٹو: رین میرین ٹیکنالوجی)

ویسٹ شارک دبئی میں کئی جگہوں پر استعمال کیا جائے گا (فوٹو: رین میرین ٹیکنالوجی)

 دبئی: پوری دنیا میں آبی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے جسے تلف کرنے کے لیے ٹیکنالوجی سے مدد لی جارہی ہے۔ اس ضمن میں دبئی نے اپنے پانی کے ذخائر صاف کرنے کے لیے خودکار روبوٹ استعمال کرنا شروع کردیئے ہیں جو ایک مرتبہ چارج ہونے کے بعد مسلسل 16 گھنٹے تک پانی پر تیرتے ہوئے کچرے کو ٹھکانے لگاتے ہیں۔

اس روبوٹ کو ویسٹ شارک کا نام دیا گیا ہے جسے ہالینڈ کی رین میرین ٹیکنالوجی کمپنی نے تیار کیا ہے۔ مسلسل کامیاب آزمائش کے بعد اب اسے دبئی میں استعمال کیا جائے گا۔ ایک مرتبہ چارج ہونے کے بعد واٹرشارک روبوٹ مسلسل 16 گھنٹے تک کام کرتا رہتا ہے۔ یہ پلاسٹک کے ٹکڑے، کوڑا کرکٹ اور دیگر اقسام کا کچرا اپنے اندر جمع کرتا رہتا ہے اور اس میں 1100 پونڈ پلاسٹک اور کوڑا جمع کرنے کی گنجائش ہے۔

ویسٹ شارک کی کامیاب آزمائش کے بعد گزشتہ برس دبئی بلدیہ نے اسے دبئی کریک، ال جدف کریک اور دبئی واٹر کینال اور بزنس بے کینال میں استعمال کرنے کا اعلان کیا تھا۔ واٹرشارک کی اچھی بات یہ بھی ہے کہ یہ ایک فٹ گہرائی میں موجود کچرے کو بھی اچک لیتا ہے۔

ویسٹ شارک خودکار انداز میں بھی آگے بڑھتا ہے اور اسے ریموٹ کنٹرول سے بھی قابو کیا جاسکتا ہے۔ جی پی ایس کی مدد سے یہ اپنا سفر جاری رکھتا ہے اور کسی بھی قسم کی رکاوٹ سے ٹکرائے بغیر آگے بڑھتا رہتا ہے۔ اسی وجہ سے پانی کے جانوروں یا بحری ماحول کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوتا۔

اسے ایپ انسٹال کرکے اسمارٹ فون کے ذریعے بھی قابو کیا جاسکتا ہے۔ ویسٹ شارک میں کئی طرح کے سینسر نصب ہیں جو پانی میں آلودگی، درجہ حرارت اور دیگر معلومات پر نظر رکھتےہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔