شام، سرکاری فوج کی بمباری جاری، مزید 24 افراد ہلاک، دمشق سے 60 لاشیں ملیں

اے ایف پی / ایکسپریس ڈیسک  ہفتہ 18 اگست 2012
دارالحکومت میں شدید لڑائی جاری،روس سے اہم مذاکرات ہوئے ہیں،امریکا، اسٹنگر میزائل شامی باغیوں کے ہاتھ لگنے کا انکشااف ، فوٹو : اے ایف پی

دارالحکومت میں شدید لڑائی جاری،روس سے اہم مذاکرات ہوئے ہیں،امریکا، اسٹنگر میزائل شامی باغیوں کے ہاتھ لگنے کا انکشااف ، فوٹو : اے ایف پی

دمشق / واشنگٹن: شام میں سرکاری فوج نے باغیوں کے گڑھ حلب شہر اور ملک میں دیگرجگہوں پر بمباری کی ہے جس میں مزید24 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ دمشق میں بھی شدید لڑائی جاری ہے، دمشق کے مضافات سے60 افراد کی لاشیں ملی ہیں، ذرائع ابلاغ کے مطابق جمعے کے روز سرکاری فوج نے حلب اور ملک کے دیگر مقامات پر باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے، دمشق میں سرکاری فوج اور باغیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں، پورے ملک میں مزید 24افراد ہلاک اورمتعددزخمی ہوگئے، جمعرات کے روز بھی 180 افراد مارے گئے تھے۔

دریں اثناء دمشق کے مضافاتی علاقے قتانا سے 60 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ مخالفین نے الزام لگایا ہے کہ یہ قتل عام حکومت نے کیا ہے۔ ایک ویب سائٹ پر غیر معیاری ویڈیو میں مسخ شدہ لاشیں دکھائی گئی جن کے ہاتھ پیچھے سے باندھے ہوئے تھے۔ اے ایف پی کے مطابق شام میں جمعے کے بعد موجودہ حکومت کے خلاف مظاہرے بھی ہوئے ہیں، اسی طرح کا ایک مظاہرہ حما شہر میں بھی ہوا ہے۔

ادھر امریکا نے کہا ہے کہ شام کی صورتحال پر اس کے روس کے ساتھ اہم مذاکرات ہوئے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شام میں امن معاہدے کی خلاف ورزی کے ایک ماہ بعد ماسکو میں سینئر حکام کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات ہوئے ہیں۔ امریکا میں شامی اپوزیشن ذرائع کے مطابق صدر بشارالاسد کے خلاف لڑنے والے باغیوں نے حال ہی میں14امریکی ساختہ اسٹنگر میزائل حاصل کیے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔