شہریوں کو فراہم 42فیصد پانی میں کلورین کی مقدار غیر تسلی بخش قرار

مختلف علاقوں سے حاصل کیے گئے 419 پانی کے نمونوں میں کلورین کی مطلوبہ مقدارکم تھی، کیمیائی تجزیاتی رپورٹ


June 21, 2013
ڈاکٹر ندیم شیخ نے بتایا کہ صوبائی محکمہ صحت کے توسط سے عالمی ادارہ صحت نے 25 کلورین( پاؤڈر )کے ڈرم فراہم کردیے ہیں جو واٹر بورڈ حکام کو دے دیے گئے ہیں. فوٹو: رائٹرز/فائل

کراچی میں فراہم کیے جانے والے 42 فیصد پانی میں کلورین کی مقدارکوغیر تسلی بخش قراردیدیاگیا۔

یہ بات مختلف علاقوں سے حاصل کیے جانے والے پانی کے نمونوں کے کیمیائی تجزیے کے دوران مرتب کی جانے والی رپورٹ میں بتائی گئی ہے، رپورٹ فوکل گروپ برائے نگلیریا نے مرتب کی ہے، گروپ کے ایک رکن اور ڈپٹی سیکریٹری صحت ڈاکٹر ندیم شیخ نے صحافیوں کو بتایا کہ کراچی میں 19جون تک حاصل کیے جانے والے پانی کے نمونوں کی کیمیائی تجزیاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مختلف علاقوں میں سپلائی کیے جانے والے 42 فیصد پانی میں کلورین کی مقدارغیر تسلی بخش قراردی گئی ہے، انھوں نے بتایا کہ فوکل گروپ برائے نگلیریا نے مجموعی طورپر 1103پانی کے کیمیائی تجزیے حاصل کیے تھے۔



ان نمونوں میں 419 پانی کے نمونوں میں کلورین کی مطلوبہ مقدار کم تھی جبکہ 646 پانی کے نمونوں میں کلورین کی مقدارکو تسلی بخش قراردیا گیا ، انھوں نے بتا یا کہ نگلیریا کے حوالے سے پانی کی رپورٹ یومیہ بنیادوں پرمرتب کی جاتی ہے، پانی کے نمونوں میں کہیں کلورین 0.15 یا اس سے کم کلورین شامل پائی گئی ہے تاہم بعض علاقوں میں کلورین کی مطلوبہ مقدار پائی گئی، انھوں نے کہا کہ پانی میں کلورین کی زیادتی سے بھی گلے کے انفیکشن اور جلدی امراض لاحق ہوسکتے ہیں، الرجی کے مسائل بھی جنم لیتے ہیں۔

ڈاکٹر ندیم شیخ نے بتایا کہ صوبائی محکمہ صحت کے توسط سے عالمی ادارہ صحت نے 25 کلورین( پاؤڈر )کے ڈرم فراہم کردیے ہیں جو واٹر بورڈ حکام کو دے دیے گئے ہیں، انھوں نے کہا کہ پانی میں کلورین کی کمی یا زیادتی دونوں نقصان دہ ہوتی ہے، پانی میں کلورین ماہرین کی نگرانی میں شامل کی جاتی ہے،پانی میں 0.25 پی پی ایم کلورین کی مقدارکے بعد جراثیم کی نشوونما نہیں ہوتی ، اس مقدارسے کم کلورین والے پانی میں مختلف طفیلی جرثومہ کی نشوونما ہوتی رہتی ہے، نگلیریا کا جرثومہ پانی میں دوسرے جرا ثیم کو اپنی خوراک بنالیتا ہے لیکن اگر پانی کے ٹینکوں کی صفائی کرائی جاتی رہے تو پانی کے ٹینکوں اورٹنکیوں میں جرا ثیم کی نشوونما نہیں ہوتی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں