حکومت کو ناقص بجٹ اقدامات کا جلد اندازہ ہوجائیگا ہارون اگر

بزنس کمیونٹی غیر منصفانہ بجٹ اقدامات کے خلاف ہر فورم پر احتجاج ریکارڈ کرائے گی


Business Reporter June 21, 2013
کیم اینڈ ڈائی ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے سلیم ولی محمد اور راشد الحق کا بھی خطاب۔ فوٹو: فائل

لاہور: کیم اینڈ ڈائی ٹیک ایکسپو 2013 بیرونی دنیا میں پاکستان کی ساکھ میں بہتری کے ساتھ کیمیکلز اور ڈائز سمیت دیگر متعلقہ صنعتوں کے لیے اہم فورم ثابت ہوگا۔

یہ بات کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر ہارون اگر نے جمعرات کو کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقدہ کیم اینڈ ڈائی ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔ ہارون اگر نے کہا کہ غیرملکیوں کے ساتھ روابط وتجارت کے فروغ اور عالمی سطح پرپاکستان کی ساکھ بہتر بنانے کی غرض سے نجی شعبہ اپنی مددآپ کے تحت سالانہ بنیادوں پر بین الاقوامی سطح کی نمائشوں کاانعقاد کررہا ہے لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ وفاقی بجٹ نے ملک کے ہرصنعتی وتجارتی شعبے کو مایوسی سے دوچارکردیا ہے، یوں محسوس ہوتا ہے کہ نئے وفاقی وزیر خزانہ بھی ایف بی آر کی بیوروکریسی کے ہاتھوں یرغمال ہوگئے ہیں لیکن حکومت کو بجٹ میں ناقص اقدامات کی بدولت جلد ہی اندازہ ہوجائے گا کہ نئے ٹیکسزاورپرانے ٹیکسوں کی شرح میں اضافے سے محصولات کے اہداف حاصل نہیں ہوسکیں گے۔



انہوں نے کہا کہ بجٹ پیش کرنے کے دوران ہی یہ بات کھل کر سامنے آگئی تھی کہ بیورکریسی نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف بھی سازشوں کا آغاز کر دیا ہے لیکن ملک بھرکی تاجر برادری کونئے بجٹ پر تحفظات لاحق ہیں اور وہ بیوروکریسی کی منفی چالوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی بلکہ غیرمنصفانہ بجٹ اقدامات کے خلاف ہرفورم پراحتجاج ریکارڈ کرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی وصنعتی شعبے پہلے ہی دہشت گردی اور بدترین لوڈشیڈنگ کے اس پرآشوب دور میں اپنی بقا کی جنگ لڑرہے ہیں لیکن پالیسی سازوں نے ان حقائق کو بالائے طاق رکھ کر تمام شعبوں کو بھاری ٹیکسوں و ڈیوٹیوں میں جکڑ دیا ہے، معیشت کی بہتری کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں زیادہ سے زیادہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں جو تجارتی وصنعتی شعبے کو فروغ دیے بغیرممکن نہیں۔

سلیم ولی محمد نے کہا کہ اس نمائش کا مقصد لوگوں کو کیمیکل اینڈ ڈائیز کے شعبے کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے اور اس نمائش کے ذریعے پیشہ ور افراد سے تعارف کا موقع ملے گا اور ان کے تجربات سے استفادہ کیا جاسکے گا۔ راشد الحق نے کہا کہ چین، سری لنکا اور دیگر ممالک سے شرکت کیلیے آئے ہوئے مندوبین کے ساتھ ہر طرح کا تعاون کیا گیا ہے جنہیں ویزا کے حصول میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ دوسری کیم اینڈ ڈائی ٹیک ایکسپو میں پہلے سے زیادہ لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔ واضح رہے کہ کراچی ایکسپو سینٹر میں یہ نمائش 3 روز تک جاری رہے گی، نمائش میں جرمنی، چین، بھارت، سری لنکا، تائیوان اور ملائشیا سمیت دیگر ممالک سے 100 سے زائد مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں