پی ایس ایل میں کرپشن کی روک تھام، 2 خصوصی انٹیگریٹی افسر تعینات ہونگے

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 8 نومبر 2018
پی سی بی نے اشتہار جاری کرتے ہوئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کرلیں۔ فوٹو: فائل

پی سی بی نے اشتہار جاری کرتے ہوئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کرلیں۔ فوٹو: فائل

 لاہور: پی سی بی کا پی ایس ایل میں کرپشن کی روک تھام کیلیے 2 خصوصی انٹیگریٹی افسر تعینات کرنے کا فیصلہ۔

پی ایس ایل فور میں کرپشن کی روک تھام کیلیے 2 خصوصی انٹیگریٹی افسر تعینات کیے جائیں گے۔ آرمی کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل افسر اس عہدے کے اہل ہونگے، اینٹیلیجنس کورس اور متعلقہ تجربہ رکھنے والے امیدواروں کو ترجیح دی جائیگی،نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر ملازمت سے برخاست کیے جانے والوں کو زیر غور نہیں لایا جائے گا، امیدوار کا صحتمند اور 55 سال سے کم عمر ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے، درخواستیں جمع کرانے کیلیے آخری تاریخ 22 نومبر مقرر کی گئی ہے۔

عارضی طور پر صرف ایک ایڈیشن کیلیے بھرتی کیے جانے والے اینٹیگریٹی افسر یو اے ای اور پاکستان میں میچز کی نگرانی کریں گے، پی سی بی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پی ایس ایل کے دوران انھیں مختلف وینیوزمیں سفر کرنا پڑے گا، سیزن ٹو کے آغاز میں ہی سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد پی سی بی اس ضمن میں انتہائی فکر مندی کے ساتھ اقدامات اٹھا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔