حفیظ کا بولنگ ایکشن، امپائر کے بجائے بیٹسمین نے سوال اٹھا دیا

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 8 نومبر 2018
ٹیلر نے ہاتھ گھما کر گیند کے غیر قانونی ہونے کا اشارہ کیا، سرفرازکی امپائرز سے شکایت۔ فوٹو: فائل

ٹیلر نے ہاتھ گھما کر گیند کے غیر قانونی ہونے کا اشارہ کیا، سرفرازکی امپائرز سے شکایت۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن پر امپائر کے بجائے بیٹسمین نے سوال اٹھا دیا۔

ابوظبی میں پہلے ون ڈے میچ میں ناخوشگوار صورتحال پیدا ہوگئی،محمد حفیظ کا پہلا اوور ختم ہوتے ہی روس ٹیلر نے امپائر اور نان  اسٹرائیکر ٹام لیتھم کی طرف دیکھتے ہوئے ہاتھ گھما کر اشارہ کیاکہ اسپنر ایکشن کے ساتھ کوئی گڑبڑ کر رہے ہیں۔

اس صورتحال پر کپتان سرفراز احمد نے چپ رہنا گوارا نہ کیا اور کافی دیر تک امپائرز کے ساتھ سوال و جواب کرتے رہے، بات یہیں پر ختم نہیں ہوئی،  کپتان نے حفیظ کا ساتھ دیتے ہوئے روس ٹیلر کے ساتھ جملوں کا تبادلہ جاری رکھا۔

اس موقع پر امپائر شوزب رضا اور جوئل ولسن نے آکر کیوی بیٹسمین سے بات کی اور معاملہ رفع دفع ہوا، اس رویہ پر کیوی بیٹسمین انضباطی کارروائی کی زد میں آ سکتے ہیں لیکن ان کا معنی خیز اشارہ  محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن پر امپائر کی رائے کو کس حد تک متاثر کرتا ہے یہ بھی دیکھنا ہوگا۔

اس سے قبل 2009 میں شین واٹسن کی طرف سے امپائر کو اشارہ کیے جانے کے بعد سعید اجمل کا ایکشن رپورٹ ہوگیا تھا، آسٹریلوی آل راؤنڈر نے آف اسپنر کی ’’دوسرا‘‘ کھیلنے میں ناکامی پر یہ حرکت کی تھی۔

یاد رہے کہ محمد حفیظ کیریئر کے دوران 4 بار مشکوک بولنگ ایکشن قوانین کی زد میں آ چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔