ترجمان دفترخارجہ نے آسیہ بی بی کی بیرون ملک روانگی کی تردید کردی

ویب ڈیسک  جمعرات 8 نومبر 2018
وکیل سیف الملوک نے آسیہ مسیح کی ملتان جیل سے رہائی کی تصدیق کردی۔ فوٹو:فائل

وکیل سیف الملوک نے آسیہ مسیح کی ملتان جیل سے رہائی کی تصدیق کردی۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرفیصل کا کہنا ہے کہ آسیہ بی بی کی بیرون ملک روانگی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں اوروہ پاکستان میں ہی موجود ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آسیہ بی بی پاکستان میں موجود ہے، اس کی بیرون ملک روانگی کی خبرمیں کوئی صداقت نہیں۔

سپریم کورٹ نے آسیہ بی بی کو 31 اکتوبرکو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کیا تھا تاہم اس کی رہائی گزشتہ روز عمل میں آئی، جس کی تصدیق اس کے وکیل سیف الملوک ایڈووکیٹ نے کی ہے۔

اس خبرکو بھی پڑھیں: آسیہ مسیح ملتان جیل سے رہا

آسیہ بی بی کی ملتان جیل سے رہائی کے بعد  یہ خبریں بھی زیرگردش ہیں کہ اسے نورخان ایئربیس راولپنڈی سے خصوصی طیارے کے ذریعے ہالینڈ روانہ کردیا گیا ہے، آسیہ بی بی کے ہمراہ اس کے گھر والوں کے علاوہ پاکستان میں ہالینڈ کے سفیر بھی تھے۔

آسیہ بی بی کی رہائی پرتحریک لبیک پاکستان نے ردعمل میں کہا ہے کہ آسیہ بی بی کی رہائی حکومت سے کئے گئے معاہدے کی خلاف ورزی ہے، اس طرح  بدعہدی کی سیاہ تاریخ رقم کی گئی ہے۔

واضح رہے آسیہ بی بی کو توہین رسالت کے الزام میں 2010 میں لاہور کی ماتحت عدالت نے سزائے موت سنائی تھی، لاہور ہائی کورٹ نے بھی آسیہ بی بی کی سزائے موت کے خلاف اپیل خارج کر دی تھی جس کے بعد ملزمہ نے عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کی تھی۔  گزشتہ ماہ 31 اکتوبرکو سپریم کورٹ نے سزا کالعدم قراردے کرآسیہ بی بی کورہا کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔