تھیٹر ڈرامہ آپکی سونیا کے پریمئر شو میں فنکاروں کی شرکت

عمیر علی انجم  ہفتہ 22 جون 2013
اداکار ساجد حسن اور اداکارہ مہوش حیات تھیٹر ڈرامہ ’’ آپکی سونیا ‘‘میں پرفارم کر رہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

اداکار ساجد حسن اور اداکارہ مہوش حیات تھیٹر ڈرامہ ’’ آپکی سونیا ‘‘میں پرفارم کر رہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی: سسپنس سے بھرپور جاوید صدیقی کا تحریرکیا ہوا کھیل ’آپکی سونیا‘ کے پریمئر شو میں فنکاروں اور عوام نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔

تھیٹر ڈرامے کا پہلا شو جمعرات کی شب سائوتھ لینڈ کلب میں ہوا جس میں اداکار محب مرزا، اداکارہ آمنہ شیخ، رزکمالی، دیپک پروانی و دیگر نے شرکت کی اور فنکاروں کی پرفارمنس کوسراہا، ڈرامے میں اداکارہ مہوش حیات اور سینئر اداکار ساجد حسن نے اپنی خوبصورت اداکاری کے جوہردکھائے، ڈرامہ امریتا نگم اور زلفی کی کہانی کے گردگھومتا ہے جسے اداکار ساجد حسن اور اداکارہ مہوش حیات اپنے خطوط میں بیان کرتے ہیں، ڈرامے کی کہانی نے آخر تک شائقین کواپنے حصارمیں جکڑے رکھا، ڈرامے کے اختتام پرشائقین نے فنکاروں کو اپنی کرسیوں سے اٹھ کرداد دی۔

ڈرامے کے ڈائریکٹر علی خان اور اداکار ساجد حسن نے عوام کا شکریہ اداکیا، علاوہ ازیں نمائندہ ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے اداکار ساجد حسن نے کہا کہ تھیٹر ڈرامہ ’آپکی سونیا‘ میں کام کرتے ہوئے مجھے لطف آرہا ہے، اداکارہ مہوش حیات اچھی اداکارہ ہیں، کراچی میں تھیٹرڈرامے کاباقاعدگی سے ہوناخوش آئند عمل ہے، انھوں نے کہا کہ جاوید صدیقی بڑے تخلیق کار ہیں ان کے ڈرامے میں کام کرنا میرے لیے اعزازکی بات ہے، ماڈل و اداکارہ مہوش حیات کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری نے مجھے شناخت بخشی ہے، لوگ عمربھرکوشش کرتے ہیں مگرمنزل نہیں ملتی مگرخداکاشکرہے کہ جومیں نے چاہاوہ مجھے ملا، انھوں نے کہا کہ تھیٹرڈرامہ فنکاروں کے لیے اکیڈمی کادرجہ رکھتاہے، مجھے تھیٹر ڈرامہ’’آپکی سونیا‘‘ میں مرکزی کردار ملنا اعزازکی بات ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔