اپنے پاؤں پر خود کلہاڑا مار کر دوسرے کوموردِ الزام ٹھہرانا درست نہیں، شہبازشریف

ویب ڈیسک  جمعرات 8 نومبر 2018
اسمبلی میں پاکستان کے مستقبل کو تابناک بنانے کیلئے قومی معاملات پر بات کرنی چاہئے، شہبازشریف :فوٹو:فائل

اسمبلی میں پاکستان کے مستقبل کو تابناک بنانے کیلئے قومی معاملات پر بات کرنی چاہئے، شہبازشریف :فوٹو:فائل

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرشہباز شریف  کا کہنا ہے کہ ہم خود اگر اپنے پاؤں پر کلہاڑا ماریں گے تو کسی کو الزام نہیں دے سکتے۔

قومی اسمبلی میں اظہارِخیال کرتے ہوئے قائدِحزِب اختلاف شہبازشریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند دنوں میں اسمبلی میں مچھلی بازار لگا رہا اور دونوں جانب سےغیرپارلیمانی زبان استعمال کی گئی،  ایوان میں پارلیمانی زبان استعمال کی جائے اور بے بنیاد الزامات سے گریز کرنا چاہئے، پوری دنیا میڈیا کے ذریعے ایوان کی کارروائی دیکھ رہی ہوتی ہے، ہم خود اگر اپنے پاؤں پر کلہاڑا ماریں گے تو کسی کو الزام نہیں دے سکتے۔

شہبازشریف نے کہا کہ جمہوری نظام کو فروغ دینے کیلئے ایوان میں الیکشن لڑ کر آئے ہیں، ہمیں عوام کے ساتھ کئے وعدے پورے کرنے ہیں، اسمبلی میں پاکستان کے مستقبل کو تابناک بنانے کیلئے قومی معاملات پر بات کرنی چاہئے، اگر جمہوریت کو مضبوط اور 22 کروڑ عوام کی توقعات کو پورا کرنا ہے تو تعمیری بات کرنا ہوگی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایوان میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے ایک کمیٹی بنائی جائے جس کے تحت کوڈ آف کنڈکٹ بنایا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔