مالیاتی پیکج پر بات چیت کے لیے پاکستانی وفد چین پہنچ گیا

ویب ڈیسک  جمعـء 9 نومبر 2018
دورے میں پاکستانی مصنوعات کے لیے ڈیوٹی و ٹیکسوں میں چھوٹ پر بات ہوگی، وزارت خزانہ ذرائع۔ فوٹو: فائل

دورے میں پاکستانی مصنوعات کے لیے ڈیوٹی و ٹیکسوں میں چھوٹ پر بات ہوگی، وزارت خزانہ ذرائع۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے بعد مالیاتی پیکج پر بات چیت کے لیے پاکستانی وفد چین پہنچ گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے فالو اپ میں سیکرٹری خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک کی قیادت میں پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد چین پہنچ گیا ہے جہاں پاکستانی حکام چائنیز حکام سے مالیاتی پیکج اور کرنسی سوئپ ایگریمنٹ کے حجم میں اضافے پر بات کریں گے، کرنسی سوئپ کے تحت چین کی جانب سے 3 ارب ڈالر مالیت تک کی سہولت دی گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک حکام کا کہنا ہے کہ چین کی 3 ارب ڈالر کی سہولت ٹائم باؤنڈ نہیں ہے، چین کے ساتھ پاکستان کو مالی بحران سے نکالنے کے لیے پیکج پر جامع بات ہوگی، اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان بینکنگ کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر بھی بات ہوگی اور دونوں ممالک میں مزید بینک برانچز قائم کرنے پر بھی پیشرفت کا امکان ہے۔

وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے میں پاکستانی مصنوعات کے لیے ڈیوٹی و ٹیکسوں میں چھوٹ پر بات ہوگی، اس کے علاوہ سی پیک میں مزید سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی معاملات آگے بڑھائے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔