پاکستانی بیٹسمین شارٹ بال کھیلنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، رمیز راجہ

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 9 نومبر 2018
جنوبی افریقا میں ٹاپ آرڈر کو مشکلات پیش آئیں گی، سابق ٹیسٹ کرکٹر

جنوبی افریقا میں ٹاپ آرڈر کو مشکلات پیش آئیں گی، سابق ٹیسٹ کرکٹر

رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی بیٹسمین شارٹ بال کھیلنے کی صلاحیت نہیں رکھتے لہذا جنوبی افریقا میں ٹاپ آرڈر کو مشکلات پیش آئیں گی۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی بیٹسمین اور کوچنگ اسٹاف یہ سمجھ ہی نہیں پارہے کہ بیٹنگ میں ناکامیوں کی بڑی وجہ شارٹ بال کھیلنے میں کمزوری ہے،  صلاحیت اور تکنیک دونوں ہی نظر نہیں آتے، پوری ٹیم میں کوئی ایک بھی بیٹسمین ایسا نہیں جو اچھا ہک اور پل شاٹ کھیل سکے یا پھر کم از کم ایسی گیندوں کو چھوڑ ہی سکے، اگر ان مسائل پر فوری توجہ نہ دی گئی تو  پاکستان کی  ٹاپ آرڈر دورہ جنوبی افریقا میں بھی ایسی ہی صورتحال سے دوچارہ ہوگی۔

رمیز راجہ نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ میں درست شاٹ سلیکشن کے ساتھ رن ریٹ برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے، ڈاٹ بال ہمیشہ ہی ٹیم کی پریشانی میں اضافہ کرتے ہیں، اس ضمن میں کوچنگ اسٹاف اور کھلاڑیوں دونوں  کو کام کرنا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔