مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے کشمیری نوجوان شہید

ویب ڈیسک  جمعـء 9 نومبر 2018
کشمیری نوجوان کو ضلع پلوامہ میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا۔ فوٹو : فائل

کشمیری نوجوان کو ضلع پلوامہ میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا۔ فوٹو : فائل

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں ایک اور کشمیری نوجوان شہید ہوگیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ کے علاقے ڈارغنی کا محاصرہ کر کے بھارتی فوج نے گھر گھر تلاشی لی جس کے دوران ایک کشمیری نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کردیا گیا۔

سرچ آپریشن کے دوران بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے ضلع پلوامہ کے علاقے ترال، آوانتی پور اور پامپور میں انٹرنیٹ سروس بند کردی جب کہ ان علاقوں کے داخلی اور خارجی راستوں کو بھی بند کردیا گیا تھا۔

دوسری جانب 21 اکتوبر 2018 کو ضلع کلگام میں لارو میں ہونے والے دھماکے میں زخمی ہونے والی خاتون شریفہ بانو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مقامی اسپتال میں دم توڑ گئیں۔

دریں اثناء ضلع بھمبر میں بھارتی پولیس کے خصوصی فورس کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک آفیسر ہلاک اور دو اہلکار زخمی ہو گئے۔ بھارتی پولیس کے ترجمان نے حادثے میں دہشت گردی کے عنصر کے ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔