آسٹریلیا میں چاقو بردار ملزم کے حملے میں ایک شخص ہلاک، 2 زخمی

ویب ڈیسک  جمعـء 9 نومبر 2018
پولیس کی جوابی فائرنگ سے چاقو بردار حملہ آور زخمی ہوگیا۔ فوٹو : اے اے پی

پولیس کی جوابی فائرنگ سے چاقو بردار حملہ آور زخمی ہوگیا۔ فوٹو : اے اے پی

 میلبورن: آسٹریلیا میں چاقو بردار شخص کے حملے میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں خنجر بردار ملزم نے ایک شخص کو کاری وار کر کے ہلاک اور دو راہگیروں کو زخمی کردیا۔ پولیس نے حملہ آور شخص کو گولی ماردی جو شدید زخمی حالت میں زیرعلاج ہے۔

اسی دوران قریبی کھڑی گاڑی زور دار دھماکے سے تباہ ہوگئی، پولیس نے دھماکے کے بعد علاقے کا محاصرہ کرلیا اور گاڑی میں آگ کو بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کو بھی طلب کرلیا گیا۔ خوش قسمتی سے گاڑی میں کوئی شخص موجود نہیں تھا۔

پولیس نے گاڑی کے زوردار دھماکے میں تباہ ہوجانے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، گاڑی کے مالک کی تلاش جاری ہے تاہم حادثے سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی جارہی ہے۔

Australia 2

ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے گاڑی میں لگی آگ کو بجھادیا جب کہ چاقو بردار شخص کے حملے میں زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے تاہم میڈیا کو زخمیوں سے متعلق معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔