پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو شکست دیدی

ویب ڈیسک  جمعـء 9 نومبر 2018
میچ شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، فوٹو: فائل

میچ شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، فوٹو: فائل

ابو ظہبی: پاکستان نے پہلی شکست کے بعد فائٹ بیک کرتے ہوئے دوسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے ہرا کر سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔

اس فتح کے ساتھ پاکستان سیریز میں واپس آگیا ہے اور اب ایونٹ کا فیصلہ کن معرکہ اتوار کو کھیلا جائے گا۔ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے بلے بازوں نے خامیوں پر قابو پاتے ہوئے کیوی کو باآسانی شکست دی۔

بولرز کے بعد گرین شرٹس کے بیٹسمینوں نے بھی بھرپور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 210 رنز کا ہدف 4 وکٹوں پر حاصل کرلیا، ہدف کے تعاقب میں امام الحق اور فخر زمان نے 58 رنز کا اوپنگ اسٹینڈ دیا  تاہم امام الحق باؤنسر لگنے کی وجہ سے زخمی ہوکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے، جس کے بعد بابر اعظم اور فخرزمان نے مجموعے کو 155 تک پہنچا کر ٹیم کو فتح  کے قریب پہنچایا۔

پاکستان کی پہلی وکٹ  155 پر اس وقت گری جب فخر زمان 88 رنز پر فرگوسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے ، ایک رن کے اضافے کے ساتھ بابر اعظم بھی چلتے بنے، انہوں نے 46 رنز کی باری کھیلی جب کہ شعیب ملک 10 اور سرفراز احمد 13 رنز ہی بنا سکے۔ محمد حفیظ 27 اور شاداب خان 2 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے فرگوسن نے 60 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں ، اسپنر سوڈھی کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

قبل ازیں کیوی کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی،  جورج وورکر اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا اور دوسرے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے منرو کو پویلین واپس بھیج دیا وہ 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے ہی کپتان کین ولیمسن کو رن آؤٹ کرکے کیویز کی مشکلات میں اضافہ کردیا، ولیمسن ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

وورکر نے راس ٹیلر کے ساتھ ملکر تیسری وکٹ کے لیے 46 رنز کی شراکت قائم کی تاہم محمد حفیظ نے وورکر کو 28 رنز پر بولڈ کردیا جس کے بعد ٹام لاتھم بیٹنگ کے لیے آئے اور وہ ابھی صرف ایک ہی رن بنا پائے تھے کہ شاہین شاہ آفریدی نے شاندار یارکر مارکر انہیں بولڈ کردیا۔

پانچویں وکٹ پر راس ٹیلر اور نکولس نے 75 رنز جوڑ کر ٹیم کو مستحکم پوزیشن پر لانے کی کوشش کی تاہم حسن علی نے نکولس کو 33 کے انفرادی اسکور پر بولڈ کرکے خطرے کو ٹال دیا،جب کہ آنے والے بیٹسمین گرینڈ ہومے 3 اور ساؤتھی 13 رنز پر چلتے بنے، سوڈھی نے 13، بولٹ اور فرگوسن نے ایک ایک جب کہ تجربہ کار بیٹسمین راس ٹیلر نے 86 رنز کی باری کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،حسن نے 2، حفیظ اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔