شام میں حکومتی فورسز کے حملے میں 22 جنگجو ہلاک

ویب ڈیسک  جمعـء 9 نومبر 2018
اتحادی افواج نے ادلب میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ فوٹو : فائل

اتحادی افواج نے ادلب میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ فوٹو : فائل

ادلب: شام میں اتحادی افواج کے حملے میں 22 باغی جنگجو ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شام میں اتحادی فورسز نے داعش جنگجوؤں کے آخری ٹھکانے پر فیصلہ کن حملوں کا آغاز کردیا ہے جس کے نتیجے میں 22 باغی ہلاک ہوگئے۔ اتحادی فورسز نے ادلب کے نواحی علاقوں میں کارروائی کی۔

شامی تنازعے کے مبصر گروپ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے میڈیا میں بتایا کہ بشارالاسد کی حامی فورسز نے باغیوں کے ایک ٹھکانے پر قبضہ واگزار کرانے کے لیے حملہ کیا جس پر حکومتی فورسز اور باغیوں کے درمیان جھڑپ شروع ہوگئی۔

آبزرویٹری کا مزید کہنا تھا کہ رواں برس ستمبر میں ماسکو اور ترکی نے ان نواحی قصبوں کو غیرعسکری علاقہ قرار دینے کا معاہدہ کیا تھا تاہم تاحال اس معاہدے پر عمل درآمد ممکن نہیں ہو سکا تھا۔ کسی مجوزہ غیرعسکری علاقے میں کیے گئے حملے میں ہلاکتوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔

واضح رہے کہ شام کے صدر بشارالاسد اور اتحادی افواج نے شدت پسندوں کے آخری ٹھکانے ادلب پر حتمی کارروائی کا فیصلہ کیا تھا اور باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی بمباری کا سلسلہ جاری ہے جب کہ امریکا نے شام پر کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔