لاہورمیں گریڈ 16 کے سابق سرکاری افسر کے گھر سے 33 کروڑ روپے برآمد، نیب

ویب ڈیسک  جمعـء 9 نومبر 2018

لاہور: نیب نے گریڈ 16 کے سابق سرکاری افسر کے گھر سے 33 کروڑ روپے برآمد کر لیے۔

نیب ترجمان کے مطابق لاہور کے علاقے ای ایم ای سوسائٹی میں واقع گریڈ 16 کے سابق سرکاری افسر کے گھر میں کارروائی کے دوران چھپائے گئے 33 کروڑ روپے برآمد ہوئے۔

نیب کے مطابق برآمد کی گئی رقم میں 10 کروڑ روپے پاکستانی کرنسی، ساڑھے 3 کروڑ روپے 11 مختلف ممالک کی کرنسیاں جب کہ 17 کروڑ روپے پرائز بانڈز کی صورت میں ہیں۔

ترجمان نیب کا کہنا تھا کہ ملزم کی ملکیت میں مبینہ طور پر متعدد جائیدادوں کے شواہد بھی ملے ہیں جن پر مزید تحقیقات جاری ہیں، اور ڈی جی نیب لاہور کی جانب سے ملزم کے خلاف فوری طور پر آمدن سے زائد اثاثہ جات کے حوالے سے انکوائری کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں تاہم نیب حکام کی جانب سے ملزم کی شناخت فی الوقت صیغہ راز میں رکھی گئی ہے تاکہ مزید شواہد کے حصول میں دشواری نہ ہو۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔