فاٹا کا انضمام وہاں کے لوگوں کی بہتری کے لیے کیا گیا، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعـء 9 نومبر 2018
وزیرِ اعظم کو فاٹا انضمام کے بعد انتظامی و دیگر معاملات پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ (فوٹو: فائل)

وزیرِ اعظم کو فاٹا انضمام کے بعد انتظامی و دیگر معاملات پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فاٹا کا انضمام وہاں کے لوگوں کی بہتری کے لیے کیا گیا، وفاقی حکومت این ایف سی ایوارڈ میں فاٹا کو حصہ دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فاٹا انضمام کے بعد انتظامی اور دیگر معاملات پر وزیر اعظم کی صدارت میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری، گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان ، وزیرِ اعلیٰ محمود خان، وزیرِ اعظم کے مشیر شہزاد ارباب، فاٹا کے پارلیمنٹیرینز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

وزیرِ اعظم کو فاٹا انضمام کے بعد انتظامی و دیگر معاملات پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ اب تک فاٹا سیکرٹریٹ کے کئی محکمے صوبہ خیبر پختونخوا کو منتقل کیے جاچکے ہیں۔

یہ پڑھیں: فاٹا کا انضمام جلد بازی میں مشاورت کے بغیر کیا گیا، گرینڈ قبائلی جرگہ

اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ فاٹا انضمام قبائلی علاقوں کے لوگوں کی زندگیوں کو بدلنے اور ان میں واضح بہتری لانے کے لیے کیا گیا اس لیے اصلاحاتی عمل میں فاٹا کے لوگوں کو پتا چلنا چاہیے کہ انضمام ان کی بہتری کے لیے کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ انضمام کے بعد انتظامی و دیگر اصلاحات کا عمل لوگوں کے لیے دشواری کا باعث نہ بنے، قبائلی علاقے تعمیر و ترقی کے حوالے سے ملک کے دیگر حصوں سے کافی پیچھے ہیں ان علاقوں کو دیگر حصوں کے برابر لانے کیلیے سب  کو ملک کر کوشش کرنی ہوں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت این ایف سی ایوارڈ میں فاٹا کو حصہ دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی اور انضمام شدہ علاقوں میں اچھی شہرت، عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والے افسران کو تعینات کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔