ٹریفک قوانین پر عمل، اسکول وین ڈرائیورز کا ڈیٹا مرتب کرنے کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 10 نومبر 2018
ڈرائیورز کے نام، شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس، گاڑی کا رجسٹریشن نمبر اور دیگر ڈیٹا جمع کیا جائے، آئی جی کلیم امام۔ فوٹو: فائل

ڈرائیورز کے نام، شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس، گاڑی کا رجسٹریشن نمبر اور دیگر ڈیٹا جمع کیا جائے، آئی جی کلیم امام۔ فوٹو: فائل

 کراچی: پولیس نے ٹریفک قوانین پرسختی سے عملدرآمداورسیکیورٹی کے پیش نظر سرکاری ونجی اسکول وین ڈرائیورز کا ڈیٹا مرتب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے پولیس کو جاری ہدایات میں کہا ہے کہ سرکاری و نجی اسکول انتظامیہ سے روابط کر کے سیکیورٹی و دیگر ضروری اقدامات ترتیب دیے جائیں، وین ڈرائیورز کے نام ، شناختی کارڈ نمبر ، ڈرائیونگ لائسنس نمبر ، گاڑی کا رجسٹریشن نمبر اس میں استعمال کیے جانے والے فیول کی قسم اور گاڑی میں بیٹھنے کی گنجائش سمیت دیگر ڈیٹا کراچی پولیس آفس کی سطح پر ترتیب دیا جائے۔

کلیم امام نے ہدایت کی کہ متعلقہ افسران اسکول وینز ڈرائیورز کی جانب سے ٹریفک قوانین کی ممکنہ خلاف ورزیوں میں نمایاں کمی کے لیے اقدامات کریں، باالخصوص بچوں کو لے جانے والی اسکول وینز پر خصوصی فوکس رکھا جائے، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

انھوں نے مزید کہاکہ شہرکے مختلف مقامات پر رکھے جانیوالے روڈ ٹریفک بیریئرز پر بھی ریفلیکٹر پیپرز نمایاں طور پر چسپاں کیے جائیں ، موٹر سائیکل فیکٹریز ڈسٹری بیوٹرز اور شورومز مالکان و ایسوسی ایشنز نمائندگان سے باقاعدہ ملاقات کی جائے اور ان میں یہ شعور اجاگر کیا جائے کہ ہر موٹرسائیکل کی ڈلیوری اور فروخت ہیلمٹ کے ساتھ کی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔