کے الیکٹرک کی غفلت سے ایک اور جان چلی گئی، بچہ جاں بحق

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 10 نومبر 2018
8سالہ عمیردوستوں کے ساتھ کھیل رہاتھاکہ اچانک کھمبے پرہاتھ لگتے ہی دم توڑگیا۔ فوٹو:فائل

8سالہ عمیردوستوں کے ساتھ کھیل رہاتھاکہ اچانک کھمبے پرہاتھ لگتے ہی دم توڑگیا۔ فوٹو:فائل

 کراچی:  کے الیکٹرک حکام کی مبینہ غفلت سے ایک اور بچہ کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔

کراچی کے علاقے موچکو تھانے کی حدود مواچھ گوٹھ وچھانی محلے میں بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگنے سے بچہ جاں بحق ہو گیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے مرشد اسپتال منتقل کردی گئی جہاں متوفی بچے کی شناخت 8 سالہ عمیر ولد محمد شکیل کے نام سے کرلی گئی۔

اس حوالے سے ایس ایچ او موچکو محمد نعیم نے بتایا کہ متوفی بچہ اپنے دوستوں کے ساتھ کھیل رہا تھا کہ اچانک اس کا ہاتھ بجلی کے کھمبے سے ٹکراگیا جس سے اسے شدید کرنٹ لگ گیا۔

انھوں نے بتایا کہ متوفی بچے کے اہلخانہ نے کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی کرانے سے گریز کیا ہے ، ایس ایچ او نے بتایا کہ بچے کی ہلاکت کے واقعے کے بعد کے الیکٹرک کا عملہ علاقے میں کام کرنے پہنچا تو مشتعل علاقہ مکینوں نے کے الیکٹرک کے عملے کو بھگادیا تاہم بعد میں پولیس نے صورتحال کو کنٹرول کیا جس کے بعد کے الیکٹرک کا عملہ دوبارہ مواچھ گوٹھ وچھانی محلہ پہنچا اور آخری اطلاعات تک کے الیکٹرک کا عملہ علاقے میں کام کررہا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔