’’مشن ورلڈ کپ ‘‘ کیلیے کرکٹ کا تھنک ٹینک آج سر جوڑ کر بیٹھے گا

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 10 نومبر 2018
20رکنی پول بنے گا،کیویز سے ٹیسٹ سیریزکیلیے اسکواڈکا اعلان بھی متوقع۔ فوٹو: فائل

20رکنی پول بنے گا،کیویز سے ٹیسٹ سیریزکیلیے اسکواڈکا اعلان بھی متوقع۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  ’’مشن ورلڈکپ‘‘ کیلیے کرکٹ کا تھنک ٹینک ہفتے کو سرجوڑکر بیٹھے گا۔

ون ڈے کرکٹ میں جدوجہد کرنے والی پاکستان ٹیم کے پاس ورلڈکپ کی تیاریوں کیلیے زیادہ وقت باقی نہیں رہا، نیوزی لینڈ سے سیریز کے بعد جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور انگلینڈ سے5،5میچز میں ہی میگا ایونٹ کیلیے حتمی اسکواڈ اور پلاننگ کا فیصلہ کرنا ہوگا، اس حوالے سے چیف سلیکٹر انضمام الحق اور دیگر سلیکٹرز ہفتے کو ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد سے مشاورت اور ورلڈ کپ کیلیے ممکنہ پلیئرز کی فہرست پر غورکریں گے۔

ذرائع کے مطابق میگا ایونٹ سے قبل میچز کیلیے کھلاڑیوں کا 20رکنی پول منتخب ہوگا جس میں بعد ازاں زیادہ تبدیلیوں سے گریز کیا جائے گا، نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ سیریز کیلیے اسکواڈ کا اعلان بھی متوقع ہے، محمد عامر کینگروز سے سیریز کے بعد سے ہی تینوں طرز کی کرکٹ میں قومی ٹیم سے باہر ہیں،وہاب ریاض بھی پہلے ٹیسٹ میں ملنے والے موقع سے فائدہ نہیں اٹھا سکے۔

حسن علی کو آرام دیتے ہوئے جنید خان کو شامل کرنے پر غور کیا جارہا تھا لیکن پاؤں کی انگلی میں انفیکشن کی وجہ سے ان کی فٹنس کا جائزہ لینا ہوگا، انجری میں بہتری کا امکان نہ ہوا تو عثمان شنواری کو بھی ٹیسٹ سیریز کیلیے یواے ای میں ہی روکا جا سکتا ہے۔

فخرزمان کو آرام دینے پر غور کیا جارہا ہے، امام الحق اور محمد حفیظ کے ساتھ تیسرے اوپنر اظہر علی پہلے ہی موجود ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹیسٹ 16 نومبر سے شروع ہوگا۔



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔