سندھ کابینہ نے پلاسٹک کی تھیلیوں پر پابندی کی منظوری دے دی

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 نومبر 2018
پولی تھین بیگ کے تیار کنندگان اور تاجروں کو اعتماد میں لیاجائےگا فوٹو: فائل

پولی تھین بیگ کے تیار کنندگان اور تاجروں کو اعتماد میں لیاجائےگا فوٹو: فائل

 کراچی: سندھ کابینہ نے پلاسٹک کی تھیلیوں پر مرحلہ وار پابندی کی منظوری دے دی ہے۔

کراچی وزیراعلی مرادعلی شاہ کی زیرصدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا۔ جس میں پولی تھین بیگز کی خرید و فروخت پر پابندی، خطرناک امراض میں مبتلا معمر قیدیوں کی رہائی اور بلٹ پروف گاڑیوں سے متعلق اموت پر تبادلہ خیال ہوا۔

اجلاس کے دوران محکمہ ماحولیات کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولی تھین بیگ کی تیاری اور اس کا استعمال قانوناً جرم ہے، کابینہ نے پولی تھین بیگ کے استعمال پر مرحلہ وار پابندی لگانے کی منظوری دے دی۔ یہ پابندی آئندہ 3 ماہ میں مرحلہ وار عائد ہوگی، پہلے مرحلے میں سکھر اور اس سے ملحقہ اضلاع جب کہ اگلے مراحل میں کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں اس کا اطلاق ہوگا، پولی تھین بیگز پر پابندی کو موثر بنانے کے لیے تاجر برادری اور دکاندار حضرات کو اعتماد میں بھی لیا جائے گا۔

کابینہ نے گورنر، وزیراعلیٰ، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ، چیف سیکرٹری، وزیرداخلہ، اسپیکر ، آئی جی پولیس اور دو ایڈیشنل آئی جیز کو بلٹ پروف گاڑیاں دینے کی منظوری دے دی ۔ اس کے علاوہ کابینہ نے بیمار و معمر قیدیوں کی رہائی کے لیے ہر 3 ماہ میں نئی فہرست مرتب کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے خطرناک امراض میں مبتلا معمر قیدیوں کی رہائی کی بھی منظوری دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔