ترک پولیس نے جمال خاشقجی کی لاش کی تلاش ختم کردی

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 نومبر 2018
صحافی کی لاش کے ٹکڑے کر کے تیزاب کے ذریعے تحلیل کردیا گیا۔ فوٹو : فائل

صحافی کی لاش کے ٹکڑے کر کے تیزاب کے ذریعے تحلیل کردیا گیا۔ فوٹو : فائل

 انقرہ: ترک تفتیش کاروں نے مقتول صحافی جمال خاشقجی کی لاش کی تلاش ختم کر دی ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق تفتیش کاروں کو جمال خاشقجی کی لاش کے ٹکڑوں کو تیزاب کے ذریعے تحلیل کردینے کے شواہد مل گئے ہیں جس کے بعد ترک پولیس نے صحافی کی لاش کی تلاش ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

صحافی کی لاش کی تلاش ختم کرنے کا فیصلہ سعودی قونصل جنرل کے گھر میں کنویں کی دیواروں سے ملنے والے نمونوں کے تیزاب اور خطرناک کیمیکل ثابت ہوجانے کے بعد کیا گیا ہے تاہم صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق تحقیقات جاری رکھی جائے گی۔

گزشتہ روز ترک اٹارنی جنرل دفتر کے حکام نے الجزیرہ کو بتایا تھا کہ سعودی قونصل جنرل کی رہائش گاہ میں واقع کنویں کی دیواروں سے لیے گئے نمونے لیبارٹری رپورٹ کے مطابق ہائیڈرو فلورک ایسڈ اور دیگر خطرناک کیمیکل کے ہیں جن سے انسانی گوشت کو جلایا جا سکتا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : خاشقجی کی لاش کو جلانے کے لیے استعمال کیا گیا تیزاب برآمد، الجزیرہ کا دعویٰ

قبل ازیں ترک تفتیش کاروں کا دعویٰ تھا کہ جمال خاشقجی کو قتل کرنے کے بعد سعودی حکام نے لاش کمبل میں لپیٹ کر ایک مقامی شخص کے حوالے کردی تھی جس نے لاش کو قونصل خانے کے نزدیک جنگل یا ملحقہ کھیت میں چھپادیا تھا اور ترک صدر نے سعودی عرب سے مقامی شخص کی شناخت ظاہر کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔